اسلام آباد: فیلڈ مارشل اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو) میں مصر کے وزیرِ خارجہ ڈاکٹر بدر احمد محمد عبدالعاطی سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور ڈاکٹر بدر احمد عبدالعاطی کے درمیان ملاقات میں دفاعی اور سیکیورٹی تعاون، فوجی رابطوں، تربیتی شراکت داری اور خطے میں امن و استحکام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے اسٹریٹجک شعبوں میں ہم آہنگی مزید مضبوط کرنے اور دو طرفہ دیرینہ تعلقات کو نئی جہت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ دونوں جانب سے دفاعی امور، خطے کی مجموعی سیکیورٹی صورتحال اور باہمی تعاون کے نئے مواقع پر بھی بات چیت ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: قومی وحدت پاکستان کی سب سے بڑی طاقت ہے، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر
فیلڈ مارشل عاصم منیر اور ڈاکٹر بدر احمد نے فوجی سطح پر رابطوں کے فروغ، تربیتی تعاون بڑھانے اور اسٹریٹجک تعاون کو اگلے مرحلے تک لے جانے پر اتفاق کیا۔ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کو تیز کرنے پر بھی باہمی رضامندی ظاہر کی گئی۔
ڈاکٹر بدر احمد عبدالعاطی نے مصر کی قیادت کی جانب سے خیر سگالی کا پیغام پہنچایا اور پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں تعاون بڑھانے میں مصر کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا جامع جائزہ بھی لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے سعودی چیف آف جنرل اسٹاف کی ملاقات،دفاعی تعاون پراتفاق
مصر اور پاکستان کے درمیان فوجی تربیت، انسدادِ دہشت گردی تعاون اور اسٹریٹجک رابطے پہلے ہی موجود ہیں، جبکہ حالیہ ملاقات کو دوستی کے مزید فروغ اور مشترکہ سیکیورٹی اہداف کی سمت ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔




