نیلم: وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی جلد عمل میں لائی جائے گی اور آئندہ انتخابات وقت پر ہوں گے۔
نیلم پریس کلب کے ممبران سے ملاقات سے گفتگو اور ان کے سوالوں کے جواب میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پیپلز پارٹی چھوٹے ملازمین کے لئے آسانیاں پیدا کرنے پر یقین رکھتی ہے ان کے مسائل حل کریں گے۔
ایڈہاک ملازمین کے مستقبل کے لیے کمیٹی قائم کردی ہے جس کی سفارشات کی روشنی میں ان کے مسائل کو حل کیا جائیگا۔
یہ بھی پڑھیں: جمود ٹوٹ چکا،اب راج کرے گی خلق خدا، وزیراعظم فیصل راٹھور
انہوں نے کہا کہ ایل او سی کے عوام کی محرومیوں کو دور کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات اٹھائیں گے، ایس کام سروس کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ موبائل سروس کی فراہمی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کریں گے۔
پسماندہ اور دشوار گزار علاقوں میں ادویات کا کوٹہ بڑھانے پر غور کریں گے۔آزادکشمیر میں آئندہ سال قانون ساز اسمبلی کے الیکشن کا انعقاد بوقت کروائیں گے، ہمارے پاس وسائل اور وقت کم مسائل زیادہ ہیں، اپوزیشن کے ساتھ مشاورت سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری جلد عمل میں لائی جائے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے مشکل وقت میں حکومت سنبھال کرعوام کا اعتماد بحال کرنے کی کوشش کر رہی ہے، حکومت کے لئے ایک ایک لمحہ قیمتی،انتظار کئے بغیر عوام کے مسائل کو حل کریں گے
انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کا جائزہ لینے کے لئے پہلے آفیشل دورے کا آغاز نیلم سے کیا ہے تاکہ برف باری سے قبل مشکل صورتحال سے نمٹنے کے لئے اقدامات کر سکیں، پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت وفاقی حکومت نے عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تمام مکاتب فکر کو ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ عوامی حلقوں میں اعتماد کی فضاء بہتر ہو، سینئر وزیر میاں عبدلوحید خان وادی نیلم کے مسائل کے حل کے لئے مسلسل کوششیں کر رہے ہیں
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم آزادکشمیرکادورۂ نیلم، مختلف مقامات پر شاندار استقبال
انتظامی امور کو بہتر بنانے کے لئے انفراسٹرکچر میں ضروری تبدیلیاں ناگریر ہیں، ایڈہاک ملازمین کی مستقلی پیچیدہ مسئلہ ہے اس پر نئی پالیسی بنائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وادی نیلم کے سیاحتی ٹریکس رتی گلی جھیل ،بابوں ویلی کی سڑکوں کی تعمیر کشادگی پختگی کے منصوبے آئندہ بجٹ میں شامل کیے جا سکیں گے،ڈی ایچ کیو ہسپتال کی اپ گریڈیشن ،گریڈ اسٹیشن کی تعمیر مواصلات کے نظام جلد سے جلد بہتر بنائیں گے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے ممبران پریس کلب کے مطالبے پر نیلم پریس کلب کے لئے دس لاکھ روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا۔
موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید ایڈووکیٹ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نیلم ترقیاتی ادارہ کے ملازمین کے مسائل حل کرنے کے لئے ادارے میں رائٹ سائزنگ پر کام کر رہے ہیں۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے زیر انتظام سلائڈنگ ایریاز کے مقام پر زمینی کٹاو کو روکنے کیلئے دیوار بندی وقت کی ضرورت ہے۔




