آزادکشمیر حکومت341لیکچرارز کی ایڈہاک تقرریاں کردیں،نوٹیفکیشن جاری

مظفرآباد/اسلام آباد:وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے تیرہ مضامین 341 لیکچرارز کی ایڈہاک بنیادوں پر تقرری کی منظوری دیدی ہے۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن نے تقرری کے نوٹیفکیشن جاری کر دئیے ہیں۔ ان لیکچررز کی تعیناتی ایسے کالجز میں کی جائیگی جہاں عرصہ دراز سے لیکچرارز کی اسامیاں خالی پڑی ہیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ان لیکچررز کی ایڈہاک بنیادوں پر تقرری کیلئے پبلک سروس کمیشن کی رضامندی سے باقاعدہ تشہیر کے بعد درخواستیں جمع کروانے والے تقریبا 15 ہزار امیدواروں میں سے تحریری امتحان اور انٹرویو کے بعد اوپن میرٹ پر انتخاب عمل میں لایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مظفرآباد: محکمہ پولیس میں اہم تقرریاں و تبادلے، نوٹیفکیشن جاری

وزیر اعظم نے فی الفور تعلیمی اداروں میں اساتذہ کی کمی کو دور کرنے کیلئے تعطل کا شکار اس عمل کو پایہ تکمیل تک پہنچایا ہے،جو گزشتہ کئی سالوں سے توجہ کا منتظر تھا۔ان ایڈہاک تقرریوں کی وجہ سے تعلیم و تدریس کا عمل بہتر ہوگا۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی جانب سے تمام نوتقرر شدہ ایڈہاک لیکچررز کو کہا گیا ہے کہ وہ آج سے اپنی حاضری رپورٹس بنام ناظمِ اعلیٰ تعلیم کالجز کے نام جمع کروائیں۔

ڈویژن میرپورکے لیکچرارز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی حاضری رپورٹس نظامتِ کالجزمیرپور میں جمع کروائیں جبکہ پونچھ ڈویژن والے اپنی حاضری رپورٹس پرنسپل گورنمنٹ بوائز پوسٹ گریجویٹ کالج راولاکوٹ کے دفتر میں جمع کروائیں۔

مظفرآباد ڈویژن سے متعلقہ تمام نوتقرر شدہ لیکچررز اپنی حاضری رپورٹس نظامتِ اعلیٰ تعلیم کالجز / نظامتِ تعلیم کالجز، مظفرآباد ڈویژن میں جمع کروائیں

نوٹیفکیشن میں کہا گہا ہے کہ لیکچرارز کی ایڈجسٹمنٹ / اسٹیشن الاٹمنٹ کا مرحلہ بھی جلد طے کرلیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں مزید استفسار سے گریز کیا جائے۔

نوٹیفکیشن میں یہ واضح کیا گیا ہے کہ ان اسامیوں پر مستقل تقرریاں پبلک سروس کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں عمل میں لائی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: ہائیکورٹ اسٹیبلشمنٹ کی 44 تقرریاں کالعدم ، سلیکشن کمیٹی کیخلاف کارروائی کا حکم

یہ تقرریاں قطعی عارضی اور عرصہ چھ ماہ یا پبلک سروس کمیشن کی طرف سے سفارشات موصول ہونے تک ( جو پہلے واقع ہو ) موثر ہوں گی۔

یہ تقرریاں بدون اجراء پیشگی نونس قبل از وقت ختم کی جاسکیں گی۔ ان تقرریوں کی وجہ سے مستقل تقرری کیلئے کسی قسم کا استحقاق پیدا نہیں ہوگا اور نہ ہی یہ عرصہ سنیارٹی میں شمار ہوگا۔

ان اسامیوں پر تقرریاں نظامت تعلیم کا لجز میں حاضری کی تاریخ سے موثر ہوگی۔ تعیناتی ایڈ جسٹمنٹ الگ سے عمل میں لائی جائیں گی۔ ان تقرریوں پر ہر ماہ تنخواہ کی ادائیگی متعلقہ ادارہ کے پرنسپل کی تصدیق حاضری سے مشروط ہوگی۔

Scroll to Top