مظفرآباد( کشمیر ڈیجیٹل) آل پارٹیز الائنس لیپہ نے وادی لیپہ کو اسمبلی میں مخصوص سرحدی ،دفاعی ،جغرافیائی موسمی حالات اور انسانی بنیادوں پر اضافی حلقہ دینے کیلئے وزراء ،ممبران اسمبلی، بیوروکریسی ،میڈیا نمائندگان سے رابطوں کے تیسرا مرحلے کا آغاز کر دیا ۔
آل پارٹی الائنس کے چیئرمین امیدوار اسمبلی حلقہ 7شوکت جاوید میر نے وفد کے ہمراہ فاروڈ بلاک کے مرکزی رہنما وزیر پی ڈی او چوہدری رشید سے انکے چیمبر میں ملاقات کی اور لیپہ ویلی کے عوام کے متفقہ ایجنڈے کی دستاویز پیش کی۔
آل پارٹی الائنس کے رہنما پیپلز پارٹی ،مسلم لیگ فارورڈ بلاک کے وزراء ،تحریک انصاف کے اپوزیشن ممبران اسمبلی سے ملاقاتیں کر کے چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کرچکے ہیں۔
وزراء وممبران اسمبلی نے وادی لیپہ کے عوام کو سفری سہولیات کی سنگین مشکلات سمیت معیار زندگی بلند کرنے سمیت بنیادی ضرورتوں کو پورا کرنے میں اپنا غیر مشروط کردار ادا کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
چوہدری رشید نے شوکت جاوید میر کی قیادت میں ملنے والے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہر سطح پر لیپہ ویلی کو اضافی حلقہ بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے ، راجہ محمد فاروق حیدر ، بازل علی نقوی بھی تیار ہیں ۔
چوہدری رشید نے کہا کہ لیپہ ویلی کو الگ حلقہ بنانے کی مخالفت میں میرے پاس لوگ آتے ہیں کہ ہمیں الگ حلقہ انتخاب ملنے پر نوکریوں سے محروم کر دیا جائے گا ۔
شوکت جاوید میر نے اس موقع پر کہا کہ مخالفت کرنے والے بھی ہمارے قابلِ احترام بھائی دوست ہیں اختلاف رائے سب کا حق ہے ہم نوجوان نسل کے تابناک مستقبل کی خاطر ڈائیلاگ سے اتفاق رائے پیدا کر لیں گے
انہوں نے کہا کہ ٹنل کی تعمیر اوراضافی نشست لیپہ ویلی کے عوام کی زندگی موت کی مانند ہیں اور آنے والی نسلوں کی لائف لائن ہیں، استحکام پاکستان پارٹی، جماعت اسلامی، مسلم کانفرنس سے بھی رابطہ کرینگے۔