مشعال ملک کی یاسین ملک کی رہائی کیلئے عوامی رابطہ مہم شروع

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا کہ حریت رہنما یاسین ملک کی رہائی کیلئے آج سے عوامی رابطہ مہم کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشال ملک کا کہنا ہے کہ یاسین ملک کو ہندوستان کی عدلیہ نے پھانسی کی سزا سنا دی ہے، میں نے اور میری بیٹی نے آج سے عوامی رابطوں کا آغاز کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم کوئی جلسہ یا ریلی نہیں نکالنے لگے، ہم بس لوگوں سے رابطہ کریں گے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بنگلہ دیشی عدالت نے شیخ حسینہ واجد کو 21 سال قید کی سزا سنا دی

مشال ملک نے کہا کہ یاسین ملک کو پھانسی چڑھانے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے، اگر یاسین ملک کی جان کو کچھ ہوا تو نیوکلیئر نہیں ہائڈروجن بم بھی چلے گا۔

مشال ملک کا مزید کہنا تھا کہ یاسین ملک صرف کشمیر کی خاطر بھوک ہڑتال پر گئے، یاسین ملک کی جان اس خطے کے لیے، بہت ضروری ہے میں ایک بیوہ کی زندگی گزار رہی ہوں اور میری بیٹی اپنے باپ کی آواز کو ترس رہی ہے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی 13 سالہ بیٹی رضیہ سلطان نے عالمی برادری سے اپیل کی تھی کہ وہ فوری مداخلت کرے تاکہ ان کے والد کو سیاسی انتقام کے تحت دی جانے والی سزا سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے عالمی طاقتوں بشمول چین و امریکا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو مخاطب کرتے ہوئے انصاف کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد کو مودی حکومت جعلی مقدمات میں پھنسا کر’کنگرو کورٹ‘ کے ذریعے ظلم کا نشانہ بنارہی ہے۔

کشمیر کی خود ارادیت کی جدوجہد کی ایک نمایاں آواز یاسین ملک طویل عرصے سے بھارتی حکام کی گرفت میں ہیں۔ ان کی بیٹی کی جذباتی اپیل ان کی قید کی سخت حقیقت کو اجاگر کرتی ہے جہاں انہیں موت کی سزا کا سامنا ہے اور یہ مقدمہ وسیع پیمانے پر غیر منصفانہ اور غیر شفاف سمجھا جاتا ہے۔

رضیہ سلطان کی یہ اپیل بھارت کی سخت گیر پالیسیوں کے ذریعے کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم و ستم کو بھی اجاگر کرتی ہے جہاں اختلاف رائے کو جرم قرار دیا جاتا ہے اور قانونی عمل کو مسلسل کمزور کیا جاتا ہے۔ ایک بچی کے دکھ و فکرمندی کے ساتھ ساتھ یہ اپیل بھارت میں مودی کی ہندو قوم پرست حکومت کے تحت جمہوری اقدار کی پامالی کی بھی مذمت ہے۔

Scroll to Top