رات کی تاریکی میں سرکاری اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام، تعمیرات مسمار

مظفرآباد :ضلعی انتظامیہ مظفرآباد نے رات کی تاریکی میں قبضہ مافیا کے خواب چکنا چور کر دئیے۔نیلم پل کے قریب سرکاری اراضی پر قبضہ کی کوشش ناکام دی گئی اور تعمیرات مسمار کردی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر مظفرآباد عثمان ممتاز کی ہدایت پر منگل کو رات گئے انتظامی افسر حماد بشیر،ایس ایچ او تھانہ صدر نوید الحسن ، تحصیلدار مظفرآباد قمر عزیز نے ہمرانفری کارروائی کرتے ہوئے سرکاری ایوارڈ شدہ رقبہ پر بر لب سڑک ناجائز تعمیرات مسمار کر دیں۔

یہ بھی پڑھیں: ہٹیاں بالا :غریب محنت کش کی زمین پر ناجائز قبضہ،وزیر اعظم آزاد کشمیر و دیگر اعلیٰ حکام سے داد رسی کی اپیل

انتظامیہ نے قبضہ مافیا کاسامان بھی ضبط کر لیا ،انتظامی افسران کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کے ساتھ آئینی ہاتھوں سے نمٹتے ہوئے سخت ترین کارروائیاں جاری رہیں گی۔

شہر میں کسی بھی مقام پر تجاوزات ناقابل قبول ہے، سرکاری اراضی پہ قبضہ کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت سخت کارروائی کی جائے گی۔

یاد رہے کہ ریاستی دارالحکومت مظفر آباد میں ہر طرف قبضہ مافیا کا راج قائم ہے اور کئی مقامات پر دریا کنارے سمیت کئی کنال سرکاری اراضی پر باثرافراد قابض ہیں۔

رمضان المبارک میں نیلم پارک کی اراضی پر سستا بازار قائم کرنے کے نام پر قبضہ کی کوشش کی گئی تھی جس پر شہریوں نے شدید احتجاج کیا تھا جس پر قبضہ نہیں ہوسکا تھا اور بازار ختم کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلگام میں مسلمانوں کی زمینوں پر ناجائز قبضہ، مودی سرکار کی فالس فلیگ کارروائی

اس کے علاوہ ہر طرف تجاوزات کے باعث دارالحکومت میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوتا ہے ، انتظامیہ کی کوشش ہے کہ مزیدقبضے نہ ہونے دیئے جائیں لیکن شہریوں کا موقف ہے کہ تمام قبضے ختم کرائے جائیں۔

Scroll to Top