لاہور قلندرز سمیت3 فرنچائز نے پی ایس ایل کیساتھ مزید10سالہ معاہدے کی تجدید کرلی

لاہور قلندرز ،پشاور زلمی اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتھ مزید 10 سال کیلئے معاہدے کی تجدید کر دی ہے۔

پی ایس ایل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ معاہدے کی تصدیق کر دی ہے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا معاہدہ نئی ویلیوایشن کے تحت دوبارہ طے پایا ہے۔ فرنچائز کی ویلیوایشن ای وائی مینا نامی غیر ملکی فرم نے کی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےکوئٹہ گلیڈی ایٹرز سے معاہدے کی تجدید پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہےکہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر کی پی ایس ایل کے لیے خدمات قابل ستائش ہیں، ندیم عمر کا اعتماد پی ایس ایل کی بڑھتی ساکھ کا ثبوت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں نیا جوش : دو نئی ٹیموں کی نیلامی ، تاریخ کا اعلان ہو گیا

سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ساتھ شراکت مزید مضبوط ہوگی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا جذبہ اور کمٹمنٹ لائق تحسین ہے۔

سلمان نصیر کا کہنا تھا کہ ندیم عمر کی خدمات پی ایس ایل والوں سے بھی بڑھ کر ہیں،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مقبولیت اور کارکردگی کے باعث پی ایس ایل کی مضبوط ترین فرنچائز ہے۔

قبل ازیں لاہور قلندرز اور پشاور زلمی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتھ مزید 10 سال کے لیے معاہدے کی تجدید کی۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نےکہا ہےکہ لاہور قلندرز کی جانب سے معاہدے کی تجدید پی ایس ایل پر اعتمادکا ثبوت ہے، لاہور قلندرز کے مالکان نے اپنی فرنچائز کو عالمی برانڈ بنا دیا ہے۔

سی ای او پی ایس ایل سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل اگلےسال 11ویں ایڈیشن سے 8 ٹیموں تک بڑھ جائےگی۔

سلمان نصیر کا کہنا ہےکہ لاہور قلندرز کا جذبہ اور توانائی پی ایس ایل کی پہچان ہے، قلندرز کی ٹیلنٹ نرسری نے پاکستان کرکٹ کو نیا خون دیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل میں مظفرآباد آزادکشمیرکی ٹیم شامل کرنے کی تیاریاں

خیال رہے کہ شاہین شاہ آفریدی کی قیادت میں چار سال میں تین ٹائٹل لاہور قلندرز نے اپنے نام کیے ہیں۔

پشاور زلمی نے بھی پی ایس ایل کے ساتھ فرنچائز معاہدے کی 10 سال کے لیے تجدید کردی ہے۔

پشاور زلمی کی ملکیت آئندہ دہائی میں بھی موجودہ مالکان کے پاس رہےگی۔ پشاور زلمی نے ای وائی کی ویلیوایشن کے بعد معاہدے کی تجدید کی ہے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کا کہنا ہے کہ جاوید آفریدی کی قیادت میں زلمی پاکستان کی مقبول ترین فرنچائز بن گئی ہے، جاوید آفریدی کا ویژن زلمی اور پی ایس ایل دونوں کے لیے مضبوط اساس ہے۔

واضح رہےکہ پشاور زلمی پی ایس ایل کی سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ٹیم قرار دی گئی ہے۔زلمی کے نئے 10 سالہ معاہدے سے فینز میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

Scroll to Top