اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی دارلحکومت میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی جبکہ اہم سرکاری عمارتوں اور ریڈ زون کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔
پیر کو پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹر پر ہونے والے دھماکے کے بعد اسلام آباد میں سیکیورٹی صورت حال کے پیشِ نظر شہر کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت کے تمام داخلی راستوں پر پولیس نے سخت چیکنگ کا عمل شروع کر دیا جبکہ شہر کی اہم سرکاری عمارتوں کی بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے،
مزید یہ بھی پڑھیں:ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس:سردارتنویرالیاس کے وارنٹ گرفتاری برقرار
اس کے علاوہ اسلام آباد ریڈ زون کی سکیورٹی بھی مزید بڑھا دی گئی ہے۔پبلک ٹرانسپورٹ کے مسافروں کی چیکنگ کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہیں۔ فیض آباد بس اڈے سے مسافروں کے شناختی کارڈ درج کئے جا رہے ہیں۔
ٹرانسپورٹ مالکان کو مسافروں کا ڈیٹا فراہم کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے۔سکیورٹی اداروں نے کہا کہ یہ اقدامات احتیاطی تدابیر کے طور پر کئے جا رہے ہیں تاکہ ممکنہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
یاد رہے کہ پشاور میں ایف سی ہیڈ کوارٹرز پر فتنہ الخوارج کے حملے کی کوشش ناکام بنا دی گئی، خودکش بمبار نے مرکزی دروازے پر حملہ کیا
تاہم جوابی کارروائی کے دوران 2 دہشت گردوں کو ایف سی اہلکاروں نے ہلاک کردیا۔ حملے میں ایف سی کے 3 جوان شہید اور 4 اہلکاروں سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔
ہلاک دہشت گرد افغان باشندے تھے، جن کا ہدف ہیڈکوارٹرز میں جاری پریڈ تھی۔




