ٹیم کی جیت اور ٹریوس ہیڈکی سنچری نے کرکٹ آسٹریلیا کو نقصان پہنچایا

پرتھ ٹیسٹ میں آسٹریلیا کی جیت سے کرکٹ آسٹریلیا کو لاکھوں ڈالرز کا نقصان ہوا ہے۔

آسٹریلوی میڈیا کے مطابق، ٹریوس ہیڈ کی جارحانہ سنچری کی وجہ سے ٹیسٹ میچ دوسرے روز ہی ختم ہو گیا۔ ٹریوس ہیڈ کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ٹیسٹ تیسرے روز تک نہیں جا سکا اور ٹیم کی جیت نے کرکٹ آسٹریلیا کے مالی مفادات کو متاثر کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، پہلے ہی خسارے کا شکار کرکٹ آسٹریلیا کے افسران افسردگی میں ہیں۔ پرتھ ٹیسٹ 1921 کے بعد پہلا ایشیز ٹیسٹ ہے جو صرف دو روز میں مکمل ہوا۔ اب کرکٹ آسٹریلیا کو تیسرے اور چوتھے روز کی ٹکٹیں فینز کو واپس کرنا ہوں گی۔ پانچویں روز کے ٹکٹ اسی دن فروخت کیے جاتے ہیں۔ محتاط اندازے کے مطابق، کرکٹ آسٹریلیا کو تقریباً دو ملین آسٹریلوی ڈالرز کا نقصان ہوا ہے، جبکہ کچھ رپورٹس میں مجموعی نقصان تین ملین ڈالرز بتایا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور سے شوکت جاوید میر کی ملاقات،سیاسی اور عوامی امور زیر بحث

آسٹریلوی میڈیا نے بتایا کہ براڈکاسٹرز کمپنیوں کو سب سے زیادہ نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم کے فینز بھی ٹیسٹ کے جلد ختم ہونے پر افسردہ ہیں اور واپسی کے پلان کرنے لگے ہیں۔ پہلے دو روز میں ایک لاکھ ایک ہزار پانچ سو چودہ تماشائیوں نے پرتھ ٹیسٹ میچ دیکھا، جبکہ تیسرا روز سولڈ آؤٹ تھا۔

یہ بھی پڑھیں: کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ ٹی 20 چھکے،صاحبزادہ فرحان پہلے قومی بیٹر بن گئے

کرکٹ آسٹریلیا کے چیف ایگزیکٹو ٹوڈ گرین برگ نے ایک پروگرام میں میچ کے جلد ختم ہونے پر تشویش ظاہر کی۔

ٹوڈ گرین برگ نے کہا: “ہمیں اپنے براڈکاسٹرز کا سب سے پہلے خیال ہے، مالی طور پر اس سیریز پر بہت اثر پڑے گا، یقینی طور پر ہمارے پارٹنر اور اسپانسرز بھی اس میں شامل ہیں۔”

واضح رہے کہ کرکٹ آسٹریلیا کو گزشتہ برس آسٹریلیا اور انڈیا کی بلاک بسٹر سیریز سے بھی مالی نقصان ہوا تھا۔ کرکٹ آسٹریلیا نے اپنے سالانہ اجلاس میں 11.3 ملین ڈالرز کا خسارہ ظاہر کیا تھا۔

Scroll to Top