شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف آج باغ آزادکشمیر میں دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھیں گے

اسلام آباد/باغ:وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف آج آزاد جموں وکشمیر کےخوبصورت شہر باغ میں دانش سکول سسٹم کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

آزاد جموں وکشمیر کے نومنتخب وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور ہمراہ کابینہ وزراء تقریب میں خصوصی طور پر شریک ہوں گے۔

بچوں کے عالمی دن کے موقع پروزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف اور آزاد کشمیر کے نومنتخب وزیر اعظم فیصل ممتاز راٹھور باغ آزاد جموں کشمیر سے سیز فائر لائن کے دونوں اطراف ریاستی کے بچوں اور بالخصوص مقبوضہ جموں کشمیر کے بچوں کے لیے اظہار یکجہتی کے لیے خصوصی پیغام دیں گے۔

وزیر اعظم پاکستان میاں شہبازشریف باغ آزاد جموں کشمیر میں پہلے دانش سکول سسٹم کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خصوصی خطاب کریں گے۔

ذرائع کے مطابق تقریب میں وزیر اعظم پاکستان شہبازشریف کے ہمراہ وفاقی وزراء،مسلم لیگ ن پاکستان اور آزاد جموں کشمیر کے سینئر راہنماء بھی تقریب میں شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ دانش سکول باغ کے سنگ بنیاد کی تقریب دوبار پہلے ملتوی ہوچکی ہےجبکہ دانش سکول بھمبر کا سنگ بنیاد رکھا جا چکا ہے اور وادی نیلم میں بھی دانش سکول کا سنگ بنیاد رکھا جائیگا۔

ادھر بچوں کے عالمی دن پر وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں عالمی سطح پر بچوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے تعاون کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ ذہنی و جسمانی نشوونما، تحفظ اور تعلیم و تربیت بچوں کے حقوق میں کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، حکومت تعلیمی ایمرجنسی سمیت بچوں کی فلاح و بہبود کے لئے ہرممکن اقدامات کر رہی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہبازشریف کاکشمیریوں سے کیا ایک اوروعدہ پورا ہوگیا،دانش سکول نیلم کے ٹینڈرکال

وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے عالمی دن پر پاکستان بھرپور انداز میں دنیا کے ساتھ ہم آواز ہو کر بچوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق اور ان کی تعلیم و تربیت کی اہمیت کو اجاگر کر رہا ہے، رواں سال یہ دن “میرا دن، میرے حقوق” کے عنوان سے منایا جا رہا ہے جو بچوں کی ملکی، انفرادی اور اجتماعی سطح پر حقوق کی ادائیگی، نشوونما اور زندگی کے مسائل کی اہمیت پر مرکوز ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کسی بھی ریاست، ملک اور مجموعی طور پر نوع انسانی کا مستقبل بچوں کے بطور نئی نسل تابناک مستقبل سے منسلک ہوتا ہے، اس لیے عالمی سطح پرممالک کے درمیان بچوں کی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لیے مشترکہ تعاون ناگزیر ہے۔

بچوں کے حقوق میں ذہنی و جسمانی نشوونما، تحفظ اور تعلیم و تربیت کلیدی حیثیت رکھتے ہیں، ان حقوق کی ادائیگی میں انفرادی اور اجتماعی سطح پر موثر انداز اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، بچوں کے خلاف پر تشدد واقعات کے سد باب کے لیے بھی حکومتی اقدامات نہایت اہم ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان ملک کے طول و عرض میں ہر ہونہار بچے کے لیے تعلیمی سہولیات میسر کرنے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے، اسی تناظر میں دانش سکول کے منصوبہ پر تیز رفتاری سے جاری کام قابل تحسین اور قابل اطمینان ہے۔

علاوہ ازیں بی آئی ایس پی کے تحت بچوں کی نشوو نما کے لئے مالی معاونت کا جاری پروگرام اور تعلیمی وظائف کا سلسلہ بھی قابل تعریف ہے تاہم بحیثیت مجموعی مزید ہم آہنگی اور موثر حکمت عملی سے کام کرنے کی ضروت ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر،دانش سکول کیلئے3ارب4کروڑ27لاکھ کامنصوبہ سی ڈی ڈبلیو پی سے منظور

انہوں نے ہر بچےکوتعلیم کی دستیابی کو یقینی بنانے اور دستیاب تعلیم کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور جدید تکنیکی سہولیات فراہم کرنے کو حکومتی ذمہ داری قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے حکومت نے ملک میں تعلیمی ایمرجنسی کا نفاذ کر رکھا ہے جس کا مقصد سکول کی تعلیم سے محروم بچوں کے سکول میں داخلے کو یقینی بنانا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بچوں کے لئے تعلیمی وظائف، طبی سہولیات کی فراہمی اور ہنر مند بنانے کے مخصوص مراکز کا قیام ہر معاشرے کے بچوں کی بنیادی ضروریات میں شامل ہے، حکومت پاکستان نہ صرف صوبائی حکومتوں کے ساتھ بلکہ عالمی سطح پر بھی بچوں کے لئے بہترین مواقع کی فراہمی کے لئے مشترکہ تعاون کے لئے کوشاں ہے۔

Scroll to Top