ایئرانڈیا

بھارت کیلئے فضائی حدود بندش میں مزید توسیع ،ایئر انڈیا کو ہزاروں کروڑ نقصان کا بھارتی اعتراف

اسلام آباد/نئی دہلی:پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود بندش میں مزید توسیع کردی۔

پاکستان نے بھارتی طیاروں کے فضائی بندش میں 23 دسمبر تک توسیع کی ہے، پاکستان ایئرپورٹ اتھارٹی نے بھارتی طیاروں کے لیے فضائی بندش میں توسیع کا نیا نوٹم جاری کردیا گیا۔

نوٹم کے مطابق بھارت کے تمام مسافر طیاروں اور آرمی جہازوں کیلئے پاکستان کی فضائی حدود 23 دسمبر 2025 تک بند رہے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان نے 23 اپریل 2025 کو بھارت کیلئے فضائی حدود بند کی جس کے باعث اب تک بھارتی ایئرلائنز کو اربوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔

ادھر بھارت کی جانب سے بلند بانگ دعوئوں اور جارحانہ بیانیے کے برعکس پاکستان کی فضائی حدود کی بندش نے بھارتی ایوی ایشن سمیت سیاسی و عسکری قیادت کی کمزوریاں بے نقاب کر دی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی فضائی حدود کی بندش، ایئر انڈیا بحران کا شکار

آپریشن سندور میں تاریخی ناکامی اور مسلسل مالی نقصان کے بعد بھارتی حکومت شدید دباؤ اور بوکھلاہٹ کا شکار دکھائی دے رہی ہے۔

بھارتی میڈیا چینل ریپبلک نیوز نے اعتراف کیا ہے کہ پاکستان کی جانب سے فضائی حدود بند کیے جانے کے بعد ایئر انڈیا کو 4 ہزار کروڑ روپے سے زائد کا بھاری مالی نقصان پہنچا۔

ائیر انڈیا نے اس نقصان کی تلافی کیلئے بھارتی حکومت سے معاوضے کی درخواست بھی کر دی ہے۔

ریپبلک نیوز کے مطابق پاکستان کی فضائی پابندی کے باعث ائیر انڈیا کو چین کی فضائی حدود استعمال کرنے کیلئے حکومت سے باقاعدہ منظوری لینا پڑ رہی ہے جبکہ طویل روٹس نے اخراجات کئی گنا بڑھا دئیے ہیں۔

خبر ایجنسی رائٹرز کے مطابق پاکستان کی پابندیوں کے باعث ایئر انڈیا کے ایندھن کے اخراجات میں 29 فیصد اضافہ ہوگیا ہے جبکہ فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے بھارتی ائیر لائن کو سالانہ ساڑھے 45 کروڑ ڈالر تک کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کا برطانیہ میں اپنے فضائی آپریشن میں توسیع کا فیصلہ

فضائی حدود کی بندش کی وجہ سے امریکا، کینیڈا اور یورپ کیلئے ایئر انڈیا کی پروازیں طویل روٹس اختیار کرنے پر مجبور ہیں جس سے اخراجات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

نقصان کم کرنے کیلئے ایئر انڈیا نے چین سے سنکیانگ کی فضائی حدود کھولنے کی درخواست کی ہے اور اس سلسلے میں لابنگ بھی شروع کردی ہے، تاہم چینی دفترِ خارجہ نے بھارت کی درخواست سے لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔

Scroll to Top