جدہ (کشمیر ڈیجیٹل) محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشنسعودی عرب ’جوازات‘ نے اقامہ سے متعلق اہم ہدایات جاری کردیں۔
محکمہ امیگریشن کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اقامے میں موجود تصویر صرف اسی صورت میں تبدیل کی جاسکتی ہے جب چہرے کی شناخت میں واضح فرق ہو۔
جوازات کے مطابق تصویر کی تبدیلی کے لیے درخواست دینے کے لیے واضح وجہ ہونا ضروری ہے۔ بغیر جواز کے تصویر تبدیل نہیں کی جائے گی۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سعودی عرب میں غیر ملکی ملازمین سے متعلق اہم خبر آ گئی
درخواست دینے کے لیے اپنے شہر کے جوازات دفتر میں اپوائنٹمنٹ لینا لازمی ہے۔درخواست گزار کا پاسپورٹ کارآمد اور نئی تصویر تیار ہونی چاہیے۔
ورک ویزہ اور اقامہ کے قوانین:
ورک ویزے پر آنے والے غیرملکی کارکنان کا اقامہ 90 دن کے اندر جاری کرانا لازمی ہے۔
مقررہ مدت کے اندر اقامہ جاری نہ کرنے کی صورت میں 500 ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔
نئے غیر ملکی کارکنان کے لیے اقامہ جاری کرنے سے پہلے میڈیکل ٹیسٹ بھی ضروری ہے۔ قانون کے مطابق نئے آنے والے غیرملکی کارکنوں کا اقامہ جاری کرانے کیلئے میڈیکل ٹیسٹ بھی ضروری ہوتا ہے۔
یاد رہے کہ سعودی حکام نے ایک ہفتے کے دوران اقامہ، لیبر اور سرحدی قانون کی خلاف ورزی پر مزید 22 ہزار 156 غیر قانونی تارکین کو حراست میں لے لیا ہے۔
سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ’6 سے 12 نومبر کے درمیان مجموعی طور پر 14 ہزار 27 افراد کو اقامہ قانون، 4 ہزار 781 کو غیر قانونی سرحد عبور کرنے کی کوشش اور 3 ہزار 348 کو قانون محنت کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا۔
رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں غیرقانونی طور پر داخل ہونے کی کوشش پر ایک ہزار 924 افراد کو بھی گرفتار کرلیا گیا ہے، ان میں سے 62 فیصد ایتھوپین، 37 فیصد یمنی اور ایک فیصد دیگر ملکوں سے تعلق رکھتے ہیں۔
علاوہ ازیں 32 ایسے افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جو سرحد پار کرکے مملکت سے ہمسایہ ملکوں میں داخل ہونے کی کوششوں میں مصروف تھے۔
رپورٹس کے مطابق سفر، رہائش، روزگار اور پناہ دینے کی کوششوں میں ملوث 31 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے۔




