مظفر آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کر دی گئی اور اب ووٹنگ کا عمل مکمل ہوگیا۔
اسپیکر چوہدری لطیف اکبر کی زیرصدارت آزاد کشمیر اسمبلی کے اجلاس میں وزیراعظم چوہدری انوارالحق کےخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کی گئی۔
یہ تحریک عدم اعتماد سردار جاویدایوب،چوہدری قاسم مجید نے دیگر کے ہمراہ پیش کی۔
تحریک عدم اعتمادمیں متبادل قائد ایوان کے طور پر فیصل ممتاز راٹھور کا نام پیش کیا گیا۔ فیصل ممتاز راٹھور کے حق میں 36 ووٹ جبکہ مخالفت میں 2 ووٹ پڑے
ایوان سے خطاب میں وزیر اعظم آزاد کشمیر چوہدری انوار الحق نے کہا یہ کیسے ہوسکتا ہے ایک شخص ہی آئین اورانتظامی ڈھانچےکی تباہی کاذمہ دارہو ، کیا ان کی کابینہ کے ممبران اس کے ذمہ دارنہیں۔
مزید یہ بھی پڑھیں:شیخ حسینہ واجدکو انسانیت کیخلاف جرائم پر سزائے موت سنا دی گئی
تحریک کی کامیابی کے بعد نئے وزیراعظم ممتاز راٹھور کی حلف برداری کل ہونے کا امکان ہے۔
علالت کے باعث صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود نئے وزیراعظم سے حلف نہیں لیں گے۔ اسپیکر آزاد کشمیر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر نئے وزیر اعظم سے حلف لیں گے۔
وزیراعظم آزادکشمیر چوہدی انوارالحق کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد پیپلزپارٹی کی جانب سے جمعے کے روز جمع کرائی گئی تھی۔
اس سے قبل راجہ پرویز اشرف اور چوہدری یاسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل ممتاز راٹھور کو وزارتِ عظمیٰ کے لیے باضابطہ امیدوار نامزد کیا تھا۔
آج پیش کی گئی تحریکِ عدم اعتماد پر بھی مسلم لیگ ن آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر اور راجہ فاروق حیدر کے دستخط موجود ہیں۔
یاد رہے کہ چوہدری انوارالحق اپریل 2023 میں 48 ووٹ لے کر وزیراعظم منتخب ہوئے تھے۔
تحریکِ عدم اعتماد کامیاب ہونے پر پیپلزپارٹی کے رکنِ اسمبلی فیصل ممتاز راٹھور آزاد کشمیر کے 16ویں اور موجودہ اسمبلی کے چوتھے وزیراعظم بن گے۔




