اردن کے بادشاہ عبداللہ دوئم پاکستان پہنچ گئے، فقید المثال استقبال

اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل)اردن کے بادشاہ عبداللہ دوئم دو روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے جہاں وزیراعظم ،صدر مملکت سمیت وفاقی وزراء اور ممبران اسمبلی نے ان کا فقید المثال استقبال کیا۔

اسلام آباد پہنچنے پر ہوائی اڈے پر صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیرِ اعظم شہباز شریف، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک اور وزیرِ مملکت برائے تعلیم وجیہہ قمر نے شاہ عبداللہ دوم اور ان کے اعلیٰ سطح وفد کا استقبال کیا۔

شاہ عبداللہ دوم کو ایئر پورٹ کے بعد سیدھا وزیرِ اعظم ہاؤس لے جایا گیا جہاں استقبالیہ تقریب میں اُنہیں مسلح افواج کے دستوں سے گارڈ آف آنر پیش کیا،

تقریب میں دونوں ممالک کی قومی ترانے کی دھنیں بھی بجائی گئیں، اِس موقع پر مہمان کو گارڈ کا معائنہ بھی کرایا گیا۔

اردن کے بادشاہ عبداللہ دوئم نے وزیراعظم ہاؤس کے احاطے میں پودا لگایا اور اِس موقع پر دعا بھی مانگی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:بنوں ، سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 15 دہشتگرد ہلاک

پاکستان کے مہمان کی دو روزہ دورے کے دوران شہباز شریف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات اور وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی جب کہ اُن کے اعزاز میں عشائیہ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔

شاہ عبداللہ دوم کا دورہ پاکستان، اردن اور پاکستان کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے. یہ دورہ دونوں ممالک کے مابین سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی تعلقات کی مزید مضبوطی کا باعث ہوگا۔

اس وقت شاہ عبداللہ دوم وزیراعظم ہاؤس میں موجود ہیں جہاں ان کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف بھی کرایا۔

اس کے بعد وزیرِاعظم ہاؤس میں شاہ عبداللہ دوم کی وزیرِ اعظم شہباز شریف کے ساتھ دو طرفہ ملاقات ہوگی اور وفود کی سطح پر بھی ملاقات ہوگی۔

شاہ عبداللہ دوم کا یہ دورہ، پاکستان اور اردن کے دیرینہ تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا اور دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے میں معاون ثابت ہوگا۔

Scroll to Top