اسلام آباد(کشمیر ڈیجیٹل) وفاقی حکومت نے علیمہ خان کی پنجاب بھر میں جائیدادوں کی چھان بین شروع کردی۔
بورڈ آف ریونیو کا تمام ڈپٹی کمشنرز کو خط، منقولہ و غیر منقولہ اثاثوں کا ریکارڈ طلب
بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کی پنجاب بھر میں جائیدادوں کی تفصیلات جمع کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ۔
ذرائع کے مطابق بورڈ آف ریونیو پنجاب نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو باضابطہ خط جاری کرتے ہوئے اثاثوں کا مکمل ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ علیمہ خان سے متعلق جائیدادوں کا مکمل ریکارڈ انسدادِ دہشت گردی کی عدالت راولپنڈی (اے ٹی سی) کو بھی بھیجا جائے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:عالمی اور مقامی سطح پر سونے کی قیمتوں میں نمایاں کمی
متعلقہ اضلاع کے ریونیو دفاتر کو ہدایت کی گئی ہے کہ ملکیتی ریکارڈ، انتقالات، رجسٹریوں اور دیگر دستاویزات کی تصدیق کے بعد رپورٹ جلد جمع کرائی جائے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کا مقصد مختلف مقدمات کے تناظر میں اثاثوں کی درست تفصیل واضح کرنا ہے۔
مراسلے کے مطابق علیمہ خان کے نام منقولہ، غیر منقولہ اور زرعی رقبوں کی تفصیلات طلب کی گئی ہیں تاکہ تمام جائیدادوں کا جامع ریکارڈ تیار کیا جا سکے۔
بورڈ آف ریونیو کی ہدایت کے مطابق تیار شدہ ریکارڈ بعد ازاں انسداد دہشتگردی عدالت راولپنڈی کو فراہم کیا جائے گا۔




