بھارتی اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے بہار انتخابات کے نتائج کو حیران کن قرار دیدیا۔
راہول گاندھی نے بہار الیکشن کے نتائج پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم ایسے انتخابات میں فتح حاصل نہیں کر سکے جو شروع سے ہی منصفانہ نہیں تھے۔
راہول گاندھی نے کہا کہ ریاست بہار میں یہ نتیجہ واقعی حیران کن ہے، کانگریس اور اپوزیشن اتحاد ان نتائج کا گہرائی سے جائزہ لے گا۔
یہ بھی پڑھیں: مودی میں ہمت ہے تو بتائیں 7طیارے مار گرانے کا ٹرمپ دعویٰ جھوٹ ہے، راہول گاندھی برس پڑے
راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ انکی لڑائی آئین اور جمہوریت کے تحفظ کےلیے ہے، جمہوریت کو بچانے کے لیے اپنی کوششوں کو مزید مؤثر بنائیں گے۔
یاد رہے کہ بھارتی ریاست بہار میں ریاستی اسمبلی کے الیکشن میں حکمران اتحاد بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگیا۔
نتائج کے مطابق حکمران بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) اور جے ڈی یو کے اتحاد( این ڈی اے) نے 243 میں سے 203 سیٹیں جیت لیں جبکہ ایم جی بی کو 34 اور دیگر جماعتوں کو 6 نشستیں ملیں۔
یہ بھی پڑھیں: مودی نے روسی تیل کیوں نہیں خریدا؟ راہول گاندھی نے اصل حقیقت بتا دی
بہار اسمبلی کے انتخابات کے 6 نومبر کو ہونے والے پہلے مرحلے میں ووٹرز ٹرن آؤٹ 65.08 فیصد اور 11 نومبر کے دوسرے مرحلے میں ٹرن آؤٹ 68.14 فیصد تھا۔
یاد رہے کہ اس سے قبل کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے ایک ہی خاتون کے کئی ووٹ رجسٹرڈ ہونے کے ثبوت بھی پیش کئے تھے۔
انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ ایک خاتون جو بعد میں برازیلین ماڈل نکلی نے ہریانہ اسمبلی انتخابات میں 10 مختلف پولنگ بوتھوں پر 22 مرتبہ مختلف ناموں سے ووٹ ڈالا۔ انہوں نے سوال کیا یہ خاتون کون ہے؟ اس کا نام کیا ہے؟ وہ کہاں سے آئی؟
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور بی جے پی پر الزام لگایا کہ دونوں نے مل کر ایک ’سازش‘ رچی، جس کے تحت کانگریس کی واضح جیت کو شکست میں تبدیل کر دیا گیا۔ تمام ایگزٹ پولز ہریانہ میں کانگریس کی جیت دکھا رہے تھے۔




