اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے آزاد کشمیر کے آمدہ الیکشن کے حوالے سے جماعتی منشور کی تیاری کیلئے سابق وزیر حکومت و سینئر مسلم لیگی رہنما راجہ نثار احمد خان کی سربراہی میں منشور کمیٹی کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ( ن) آزاد جموں و کشمیر کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق کی طرف سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان مسلم لیگ(ن) آزاد جموں و کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے منشور کمیٹی کی منظوری دی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق سابق وزیر حکومت و سینئر مسلم لیگی راہنما راجہ نثار احمد خان کمیٹی کے چیئرمین اورسابق ممبر کشمیر کونسل سردار عبدالخالق وصی کمیٹی کے سیکرٹری ہونگے ۔
منشور کمیٹی کے ممبران میں سابق وزراءحکومت سردار فاروق احمد طاہر،چوہدری محمد اسحاق،ماہر تعلیم و کالم نگار چوہدری محمد رفیق،راجہ محمد بشیر،راجہ اظہر اقبال، چوہدری صہیب سعید، انیس گیلانی ایڈووکیٹ، شاہد محمود وانی اور محترمہ مریم ادریس شامل ہیں۔
یاد رہے کہ پیپلزپارٹی کی طرف سے بھی منشور تیاری کا عمل جاری ہے اور کمیٹی کے کئی اجلاس بھی ہوچکے ہیں جس کے بعد مسلم لیگ ن نے بھی کمیٹی قائم کی ہے جبکہ ن لیگ نے پیپلزپارٹی سے عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد فوری الیکشن کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ن لیگ آزاد کشمیر حکومت کا حصہ بنے گی یا نہیں ؟ راجہ فاروق حیدرکا بڑا اعلان
گزشتہ روز بھی پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی منشور کمیٹی کا تیسرا اجلاس اسلام آباد ایف10 میں زیر صدارت صدر چوہدری محمد یاسین منعقد ہوا۔
اجلاس میں سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس ،سپیکر اسمبلی چوہدری لطیف اکبر، فیصل ممتاز راٹھور،سردار ضیا القمر ،نبیلہ ایوب ،شاہین کوثر ڈار ،سردار امجد یوسف ،سید عزادار حسین شاہ ،صاحبزادہ ذوالفقار اور سردار فوزیب نے شرکت کی۔
اجلاس میں متعدد تجاویز پر غور کیا گیا جنہیں منشور کا حصہ بنانے پر غور کیا گیا۔
اس موقع پر صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا منشور صدرپاکستان آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق اور انچارج کشمیر افیرز محترمہ فریال تالپور کی ہدایات کے مطابق تیار کیا جائےگا اور عوامی فلاح و بہبود اس کی بنیادی اکائی ہو گی۔




