بھارتی میڈیا نے ترکیہ کیخلاف زہراگلنا شروع کردیا، ترک سفارتخانے کا سخت ردعمل

نئی دہلی:پیر کے روز بھارتی دار الحکومت دہلی میں ہونے والے دھماکے کے بعد بھارتی میڈیا نے ترکیہ کو نشانہ بنانا شروع کردیا۔

بھارتی میڈیا میں شائع ہونے والی رپوٹس میں کہا گیا ہے کہ دہلی دھماکے میں ملوث افراد کو ترکیہ سے لاجسٹک سپورٹ فراہم کی جارہی تھی۔

بھارتی میڈیا پر شائع ہونے والی ان رپورٹس پر نئی دہلی میں ترکیہ کے سفارتخانے نے سخت ردِعمل دیا ہے۔

سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے بعض میڈیا اداروں نے بدنیتی پر مبنی رپورٹس شائع کی ہیں جن میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ترکیہ بھارت میں دہشت گردانہ کارروائیوں سے منسلک ہے اور دہشتگرد گروہوں کو لاجسٹک، سفارتی اور مالی معاونت‘ فراہم کرتا ہے۔

سفارتخانے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ جھوٹ پر مبنی مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو نقصان پہنچانا ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ ترکیہ ہر قسم کی دہشت گردی کی سختی سے مذمت کرتا ہے اور عالمی برادری کے ساتھ تعاون کے ذریعے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ایک نمایاں ملک کے طور پر کردار ادا کر رہا ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ بھارت یا کسی اور ملک کے خلاف مبینہ طور پر ’انتہا پسندی پھیلانے کی سرگرمیوں‘ میں ترکیہ کے ملوث ہونے کے الزامات سراسر بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔

ترک سفارتخانے نے کہا کہ اس نوعیت کی جھوٹی اور گمراہ کن رپورٹس عالمی امن، سلامتی اور استحکام میں ترکیہ کے کردار کو کمزور کرنے کی کوشش ہیں۔

سفارتخانے نے عوام سے اپیل کی کہ وہ ایسے بے بنیاد اور گمراہ کن دعوؤں پر یقین نہ کریں۔

Scroll to Top