کہوٹہ(کشمیر ڈیجیٹل) حویلی کہوٹہ میں گرڈ اسٹیشن کا منصوبہ کھٹائی کا شکار، عوام شدید مشکلات کا شکارعلاقے میں بار بار بجلی کی بندش، کاروبار متاثر، حکومتِ آزاد کشمیر کی عدم دلچسپی پر عوام کا اظہارِ افسوس ۔
ڈسٹرکٹ حویلی کہوٹہ میں کئی سال سے زیرِ غور گرڈ اسٹیشن کا منصوبہ تاحال تعطل کا شکار ہے۔
حکومتِ آزاد کشمیر کی جانب سے وعدوں اور اعلانات کے باوجود اس منصوبے پر عملی کام شروع نہیں ہو سکا جس کے باعث عوام میں شدید مایوسی پائی جا رہی ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:سری لنکن کرکٹ ٹیم کی دورہ پاکستان ادھورا چھوڑ کر وطن واپسی کی درخواست
علاقے کے عوام کا کہنا ہے کہ گرڈ اسٹیشن نہ ہونے کی وجہ سے روزانہ کئی کئی گھنٹے بجلی غائب رہتی ہے، جس سے نہ صرف گھریلو زندگی متاثر ہو رہی ہے بلکہ کاروبار بھی ٹھپ ہو چکے ہیں۔
فوٹو اسٹیٹ، کمپیوٹر سروسز، ویلڈنگ، موبائل مرمت اور دیگر بجلی پر چلنے والے کاروبار مکمل طور پر متاثر ہیں۔ طلبہ بھی بجلی کی بندش کے باعث تعلیم میں شدید دشواری کا سامنا کر رہے ہیں۔
مقامی آبادی کا کہنا ہے کہ علاقے کے عوام نے متعدد بار حکام کو درخواستیں دی ہیں مگر تاحال کوئی خاطر خواہ کارروائی سامنے نہیں آئی۔ محکمہ برقیات کی جانب سے بار بار یقین دہانیاں کرائی جاتی ہیں مگر زمینی حقائق بالکل برعکس ہیں۔
عوامی نمائندوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حلقہ کے وزیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور اس اہم عوامی مسئلے پر خصوصی توجہ دیں اور گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لیے فوری اقدامات کریں۔
ان کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے موسمِ سرما میں بجلی کی بندش کے مسائل مزید سنگین ہو جائیں گے۔
علاقے کے باشعور طبقے نے حکومتِ آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ حویلی کہوٹہ کے عوام کے دیرینہ مطالبے کو سنجیدگی سے لیا جائے
گرڈ اسٹیشن کی تعمیر کے لیے فنڈز فوری طور پر جاری کیے جائیں تاکہ علاقے کو مستقل اور مستحکم بجلی فراہم کی جاسکے




