راولپنڈی (کشمیر ڈیجیٹل) راولپنڈی سٹی ٹریفک پولیس نے موٹرسائیکل سواروں کیلئے نئی سہولت متعارف کروا دی جس کے تحت موٹر سائیکل سوار اب ایک ہی دن میں اپنا لرنر اور مستقل ڈرائیونگ لائسنس حاصل کر سکتے ہیں۔
نئے نظام کے تحت شہر میں موٹر سائیکل سوار ایک ہی دن میں تحریری اور عملی (ڈرائیونگ) ٹیسٹ دے سکتے ہیں۔
جو امیدوار دونوں ٹیسٹ پاس کر لیتے ہیں انہیں فوری طور پر مستقل لائسنس جاری کیا جائےگا جس سے روزانہ سفر کرنے والوں کو بڑی سہولت میسر آئے گی
یہ اقدام چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی فرحان اسلم کی ہدایت پر عمل میں لایا گیا جو پنجاب کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک وقاص نذیر کے وژن کا حصہ ہے۔
سی ٹی پی کے ترجمان نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ یہ اصلاحات ضلع بھر کے 13 لائسنسنگ سینٹرز میں لائسنس کے اجرا کے عمل کو بہتر بنانے کیلئے کی گئی ہیں۔
نئے نظام کے آغاز کے بعد سے صرف پچھلے مہینے میں 20,500 سے زائد موٹر سائیکل لائسنس جاری کیے گئے۔ حکام نے اس بات پر زور دیا کہ بغیر درست لائسنس کے گاڑی چلانا قانونی جرم ہے
مزید یہ بھی پڑھیں:اسلام آبادکچہری خود کش حملے کی ابتدائی رپورٹ تیار، حملہ آور کا تعلق باجوڑ سے نکلا
اس لیے شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بروقت لائسنس حاصل کریں تاکہ جرمانوں اور قانونی کارروائی سے بچا جا سکے۔
سی ٹی او فرحان اسلم نے بتایا کہ ایک آگاہی مہم بھی جاری ہے جس کا مقصد شہریوں کو درست ڈرائیونگ لائسنس رکھنے کی اہمیت کے بارے میں تعلیم دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی ڈرائیور کا اعتماد اور ٹریفک قوانین کی پاسداری اس کے مکمل اور قانونی دستاویزات سے ظاہر ہوتی ہے۔
لائسنس کا عمل سی ٹی پی کے متعدد مراکز کے ذریعے انجام دیا جا رہا ہے جو پنجاب حکومت کے آن لائن لائسنسنگ سسٹم سے منسلک ہیں
تاکہ درخواست، ٹیسٹ اور لائسنس کے اجرا کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔




