مظفرآباد (کشمیر ڈیجیٹل)مرکزی چیئرپرسن مسلم کانفرنس خواتین ونگ و چیئرپرسن کشمیر ویمن الرٹ فورم سمعیہ ساجد نے کہا کہ پاکستان کی نظریاتی بنیاد اُس وقت مکمل ہوگی جب کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔
مسلم کانفرنس نے ہمیشہ اس نظریے کی پاسبانی کی ہے جس کی بنیاد 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں قراردادِ الحاقِ پاکستان کی صورت میں رکھی گئی۔
انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس ہی وہ واحد جماعت ہے جس نے برصغیر کی تقسیم کے وقت اسلام، ایمان اور پاکستان کے ساتھ الحاق کا اعلان کر کے کشمیری عوام کی اصل ترجمانی کی۔
انہوں نے کہا کہ تکمیلِ پاکستان محض جغرافیائی اتحاد نہیں بلکہ ایک نظریاتی ذمہ داری ہے، اور جب تک ریاست پاکستان کا حصہ نہیں بنتی، پاکستان اپنی فکری تکمیل کو نہیں پہنچ سکتا۔
مجاہدِ اوّل سردار محمد عبدالقیوم خانؒ نے جس مشن کا آغاز کیا تھا، وہی آجصدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں ہماری سیاست کا مرکز اور ملتِ کشمیر کا ایمان ہے۔
مزید یہ بھی پڑھیں:قاہرہ: اپارٹمنٹ میں آتشزدگی، چار بچوں سمیت 5 افراد جاں بحق
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی دراصل پاکستان کی تکمیل ہے، اور یہی نظریہ ہماری تحریک کی روح ہے۔سمعیہ ساجد نے کہا ہے کہ آج جب دنیا مفادات کی سیاست میں الجھی ہوئی ہے،
مسلم کانفرنس اب بھی نظریے، ایمان اور استقامت کی سیاست کر رہی ہے۔ یہ وہ جماعت ہے جس نے الحاقِ پاکستان کے مقدس نعرے کو صرف الفاظ نہیں بلکہ عمل میں ڈھالا۔
آج بھی کشمیری عوام اپنے خون سے 1947 کے وعدے کو نبھا رہے ہیں۔سمعیہ ساجد نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ صدر جماعت سردار عتیق احمد خان کی قیادت میں نظریہ الحاقِ پاکستان کے فروغ اور تکمیلِ پاکستان کے خواب کی تعبیر کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
مسلم کانفرنس کے کارکنان آج بھی اس ایمان کے ساتھ جدوجہد کر رہے ہیں کہ کشمیر بنے گا پاکستان کوئی نعرہ نہیں بلکہ ایک عقیدہ ہے۔
تکمیلِ پاکستان کے سفر میں مسلم کانفرنس کے کردار کو تاریخ سنہرے حروف میں یاد رکھے گی، کیونکہ یہ جماعت آج بھی اس عہد کی نگہبان ہے جو سری نگر میں دیا گیا تھا لا الٰہ الا اللہ، الحاقِ پاکستان ہمارا ایمان ہے۔




