اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل) اسلام آباد کی مقامی عدالت نے ڈپلومیٹک پاسپورٹ کیس میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالت نے سردار تنویر الیاس کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرتے ہوئے واضح حکم دیا کہ انہیں گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
یہ مقدمہ ڈپلومیٹک پاسپورٹ کے غیر قانونی استعمال سے متعلق ہے، جس کی تحقیقات وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کر رہا ہے۔ ادارے نے سردار تنویر الیاس کے خلاف مقدمہ درج کر رکھا ہے جس کی سماعت اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ احمد شہزاد گوندل کی عدالت میں ہوئی۔
دورانِ سماعت سردار تنویر الیاس کی جانب سے دائر حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی، تاہم عدالت نے اسے مسترد کرتے ہوئے وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزم کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر پیش کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی بڑھتی بین الاقوامی مقبولیت، کیا بھارت ایک اور فالس فلیگ آپریشن کی تیاری کر رہا ہے ؟
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے کیس سے متعلق تمام دستاویزات عدالت میں جمع کرائی ہیں اور اس معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ عدالت نے مقدمے کی مزید سماعت 24 نومبر تک ملتوی کر دی ہے۔
سردار تنویر الیاس، جو آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیراعظم رہ چکے ہیں، ماضی میں مختلف حکومتی عہدوں پر فائز رہنے کے ساتھ سیاسی و کاروباری حلقوں میں بھی سرگرم رہے ہیں۔ ان کے خلاف ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمہ حالیہ ہفتوں میں خاصی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کشمیری ایتھلیٹ محمد یوسف ملک اور مونا ہمدانی نے میراتھن ریکارڈ بنالیا
عدالتی حکم کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگلی سماعت پر سردار تنویر الیاس کو عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان کے خلاف کیس کی مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔




