پاکستان کی عروشہ سعید نے اسلامی یکجہتی گیمز میں کانسی کا تمغہ جیت لیا

عروشہ سعید نے ریاض میں منعقدہ چھٹے اسلامی یکجہتی کھیلوں میں کراش (Kurash) میں کانسی کا تمغہ جیت کر پاکستان کا سر فخر سے بلند کر دیا۔

عروشہ سعید نے خواتین کی 57 کلوگرام کراش کیٹیگری میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔ یہ پاکستان کا پہلا میڈل ہے جو چھٹے اسلامی یکجہتی کھیلوں 2025 میں جیتا گیا ہے۔

عروشہ سعید نے غیر معمولی صلاحیتوں، مہارت اور حوصلے کا مظاہرہ کرتے ہوئے دنیا کی بہترین کراش کھلاڑیوں کے خلاف مقابلہ کیا اور ثابت کیا کہ پاکستانی خواتین بھی عالمی سطح پر کسی سے کم نہیں۔

پاکستانی کراش ٹیم کی قیادت محمد سعد نے بطور ہیڈ کوچ کی جبکہ محمد رفیق اور شاہزیب نواز نے کھلاڑی کی تیاری اور تربیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی انتھک محنت اور پیشہ ورانہ رہنمائی نے ٹیم کو یہ کامیابی دلانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔

یہ بھی پڑھیں: کسی بھی امریکی صدر سے کسی فوجی سربراہ ،وزیراعظم کیلئے اتنی تعریفیں نہیں سنیں، شاہد آفریدی

انٹرنیشنل کراش ایسوسی ایشن (IKA) کی جانب سے پاکستان میں کراش کے نمائندے نواب فرقان خان نے عروشہ سعید، کوچز اور پوری ٹیم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی۔

انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے اور یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی کھلاڑی روایتی اور مارشل اسپورٹس میں عالمی سطح پر اپنی پہچان بنا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عروشہ کی شاندار کارکردگی پاکستان کی نوجوان خواتین کے لیے ایک روشن مثال ہے، جو انہیں بین الاقوامی مقابلوں میں اعتماد اور جوش کے ساتھ حصہ لینے کی ترغیب دے گی۔

یہ بھی پڑھیں: وادی نیلم ٹورنامنٹ: ینگ سٹرائیکر اٹھمقام نے 32 ٹیموں کو پیچھے چھوڑ کر ٹائٹل جیت لیا

Scroll to Top