آئل

فوڈ اتھارٹی مظفرآباد ان ایکشن،مضر صحت آئل کی بھاری کھیپ ضبط

مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے کوہالہ ناکہ پر غیر رجسٹرڈ خوردنی تیل کی بھاری مقدار ضبط کر لی۔

یہ آئل پنجاب سے آزاد کشمیر میں لایا جا رہا تھا۔ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرمظفرآباد ابرار احمد میر کے مطابق کارروائی حالیہ فیصلے کے تحت کی گئی،

جس میں واضح طور پر ہدایت دی گئی تھی کہ غیر رجسٹرڈ، غیر معیاری اور بدون لیبارٹری رپورٹ خوردنی تیل کو آزاد کشمیر کی حدود میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کا کہنا تھاکہ غیر رجسٹرڈ آئل غیر معیاری اجزاء، ناقص ریفائننگ، اور مضر کیمیکلز پر مشتمل ہوتا ہے جو صحت کیلئے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔

ایسے تیل کے استعمال سے دل و جگر کے امراض،بلڈ پریشر اور کولیسٹرول میں اضافہ،اور نظامِ ہاضمہ کی خرابی جیسے سنگین مسائل جنم لیتے ہیں۔

فوڈ اتھارٹی کے مطابق، ضبط شدہ آئل کے نمونے لیبارٹری تجزیئے کیلئے بھجوا دیئے گئے ہیں جبکہ ملوث افراد کیخلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

فوڈ اتھارٹی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ صرف رجسٹرڈ، معیاری اور فوڈ اتھارٹی سے منظور شدہ برانڈز کا تیل استعمال کریں، اور غیر معیاری مصنوعات کی اطلاع فوری طور پر اتھارٹی کے دفتر یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر دیں۔

ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولرمظفرآباد نے واضح کیا ہے کہ عوام کی صحت کے تحفظ کے لیے ایسی کارروائیاں تسلسل سے جاری رہیں گی۔

مزید یہ بھی پڑھیں:انٹرنیٹ پر پاکستانی شہریوں کا ڈیٹافروخت کرنیوالا ملزم گرفتار

Scroll to Top