سنی اتحاد کونسل کے سابق چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا گرفتار

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے اتحادی ،سنی اتحاد کونسل کے سابق چیئرمین، ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ حامد رضا کو اسلام آباد پولیس نے گرفتار کر لیا۔

وہ پشاور سے فیصل آباد کی طرف سفر کر رہے تھے جب پولیس نے انہیں روکا اور حراست میں لے لیا۔

اس واقعے کی تصدیق سنی اتحاد کونسل کے قائم مقام چیئرمین صاحبزادہ حسن رضا نے بھی کی ہے لیکن پولیس کی جانب سے ابھی تک گرفتاری کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

یاد رہےکہ پی ٹی آئی کے ارکان آزاد ہونے پر سنی اتحاد کونسل میں شامل ہوئے تھے ،صاحبزادہ حامد رضا نے پی ٹی آئی کی حمایت سے ہی آزادامیدوار کی حیثیت سے الیکشن جیتا تھا۔

صاحبزادہ حامد رضا کئی کیسز میں نامزد ہیں اور ان کے کئی بار وارنٹ بھی جاری کئے گئے ہیں۔

قبل ازیں اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری جمعرات کی رات کو وارنٹ گرفتاری کے ساتھ خیبرپختونخوا ہاؤس پہنچی تھی، جس میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی اور صوبائی صدر جنید اکبر کے وارنٹ شامل تھے۔

پولیس کی پہنچنے سے قبل ہی وزیراعلیٰ سہیل آفریدی خیبرپختونخوا ہاوس سے روانہ ہو چکے تھے اورپی ٹی آئی کے صوبائی صدر جنید اکبر بھی خیبرپختونخوا ہائوس میں موجود نہیں تھے۔

پولیس نے گرفتاری کے وارنٹس ہاؤس انتظامیہ کے حوالے کیے اور وہاں سے روانہ ہو گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: فیک نیوز پھیلانے والے ہوشیار،3ملزمان گرفتار، مقدمہ درج کر لیا گیا

Scroll to Top