اسلام آباد:ایران نے پاکستان اور سعودی عرب کے دفاعی معاہدے میں شامل ہونے کی خواہش ظاہر کردی ہے۔
پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئےکہا کہ اس معاہدے میں ایران کو بھی شامل کیا جانا چاہیے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرکا کہنا تھا کہ او آئی سی کو نیٹو کی طرز پر اسلامی ممالک کی مشترکہ فوج تشکیل دینی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان حرمین شریفین کا محافظ بن گیا، دفاعی معاہدے کے اہم نکات سامنے آگئے
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرکا کہنا تھا پاکستان سمیت دیگر اسلامی ممالک کو صرف فلسطینیوں کے تحفظ اور مدد کے لیے اپنی فوج غزہ بھیجنی چاہیے،کوئی ایسا قدم نہیں اٹھانا چاہیے جس سے اسرائیلی تسلط مزید مضبوط ہو۔
اس سے قبل صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ اور وفد سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر کا کہنا تھا کہ پاکستان نے اسرائیلی جارحیت کے دوران جس طرح ایران کا ساتھ دیا کوئی ایرانی اسے بھلا نہیں سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب اور پاکستان میں دفاعی معاہدے کے بعد روزگار کے نئے مواقع کھل گئے
ایرانی اسپیکر کا کہنا تھا کہ پاکستان امت مسلمہ کے لیے ایک بہترین اثاثےکی مانند ہے، پاکستان اور ایران مشترکہ چیلنج کا سامنا کر رہے ہیں، ان کا مل کر مقابلہ کیا جاسکتا ہے
ان کا کہنا تھا کہ میڈیکل، توانائی اور بینکنگ سمیت دیگر شعبوں میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون بڑھانےکے وسیع مواقع ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان اورسعودی عرب کے مابین دفاعی معاہدہ ہوا ہے جس میں یہ طے پایا ہے کہ کسی بھی ایک ملک پر حملہ دونوں ممالک پر حملہ تصور کیا جائیگا۔




