کشمیرپاکستان کا قومی مسئلہ ہےجو کسی حکومت کا محتاج نہیں، راناقاسم نون

اسلام آباد:پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون نے کہا ہے کہ پاکستان کیلئے کشمیر ایک قومی مسئلہ ہے جو کہ حکومتوں کا محتا ج نہیں ،کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،تکمیل پاکستان کشمیر کے بغیر نہیں ہو سکتا،کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں اور نہ ہی انڈیا کا حصہ ہے۔

وہ جمعرات کو یوم شہداء جموں کے موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس اورکشمیر لبریشن سیل کے زیراہتمام کشمیر ہائوس اسلام آبادمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینئر غلام محمد صفی کے زیر صدارت ایک سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔

سیمینار میں وفاقی وزیر برائے امور کشمیر وگلگت بلتستان امیر مقام ، پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رانا قاسم نون ، صدر مسلم لیگ (ن) آزاد جموںوکشمیر شاہ غلام قادر ،محمد اکمل سرگالہ،ڈاکٹر خرم پرویز ، محمد فاروق رحمانی ، پرویز احمد شاہ ،راجہ نجابت حسین اور دیگر شریک تھے۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے رانا قاسم نون نے کہا کہ کشمیر کی جدوجہد سیکڑوںسال پرانی ہے،کشمیر کی جدوجہد قربانیوں ،قید و بند کی صعوبتوں سے بھری پڑی ہے،پاکستان کے لیے کشمیر ایک قومی کاز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر ہر حوالے سے پاکستان کا حصہ ،مسئلہ حل ہونے تک امن قائم نہیں ہوگا، رانا قاسم

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے بغیر پاکستان نامکمل ہے،تکمیل پاکستان کشمیر کے بغیر نہیں ہو سکتا،کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں اور نہ ہی انڈیا کا حصہ ہے،کشمیر کوئی دو طرفہ مسئلہ نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ 6 نومبر کو جموں میں خون کی ہولی کھیلی گئی،آر ایس ایس کے جھتے لوگوں کو بسوں میں بھر کر گرانڈ میں لے گئے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کاز میں قربانیوں کے حوالے سے مماثلت پائی جاتی ہے،نیتن یاہو اور مودی کا اکٹھ فلسطین سے لوگوں کو نکالنا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر میں غیر کشمیریوں کو آباد کیا جا رہا ہے تاکہ مسلمانوں کو وہاں سے نکالا جائے،وہاں ہزاروں جوان اور بچے آج جیلوں میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کے نیلسن منڈیلا شبیر شاہ کو علاج کی سہولت دی جائے،کشمیر کاز حکومتوں کا محتاج نہیں یہ ریاست کا کاز ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کشمیر کی آزادی کیلئے آخری حد تک جائیں گے، امیرمقام کا کنٹرول لائن سےبھارت کو پیغام

رانا قاسم نون نے کہا کہ پاکستان کی ریاست سے کشمیر ایشو پر چار جنگیں لڑی ہیں،معرکہ حق کے دوران 16 گھنٹے میں جنوبی ایشیا میں طاقت کا توازن ہی تبدیل ہو گیا۔

چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ کشمیر دنیا کا واحد خطہ ہے جہاں دس لاکھ فوج تعینات کی گئی ہے،دنیا کی بے حسی کی مذمت کرتے ہیں،مودی سرکار کیمنصوبے اور ظلم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

وفاقی وزیر امور کشمیر امیر مقام نے 6 نومبرکے شہدا کوخراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ ظالمانہ کارروائیوں کے باوجودکشمیر اور فلسطین میں عوام کے حوصلے اور جذبے قابل تحسین ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ کشمیری آٹھ دہائیوں سے جہدوجہد کررہے ہیں جو قابض فورسز کے سامنے ڈٹے ہوئے ہیں ،بھارت کو چاہیے کہ وہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمدکرے ،کشمیرمیں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔

 

Scroll to Top