حویلی:عوامی ایکشن کمیٹی کا 18 نومبر کو شٹرڈاؤن ہڑتال کا اعلان

ضلع حویلی فارورڈ کہوٹہ میں جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی حویلی نے اعلان کیا ہے کہ 18 نومبر کو مکمل شٹر ڈاؤن اور پہیہ جام ہڑتال کی جائے گی۔

یہ احتجاج علاقے میں دیگر سیلولر نیٹ ورک سروسز کی بحالی اور ایس کام کی غیر معیاری سروس کے خلاف کیا جا رہا ہے۔

عوامی ایکشن کمیٹی حویلی نے کہا کہ ایس کام کی ناقص کارکردگی سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

نیٹ ورک کی بندش اور انٹرنیٹ کی سست رفتار کے باعث طلبہ، تاجر، مریض اور عام شہری متاثر ہو رہے ہیں۔

کمیٹی نے واضح کیا کہ اگر دیگر نیٹ ورک کمپنیوں — جاز، زونگ، ٹیلی نار، اور یوفون کی سروسز فوری طور پر فعال نہ کی گئیں تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی۔

علاقے کے عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت آزاد کشمیر اور متعلقہ ادارے فوری طور پر نوٹس لیں اور حویلی کے عوام کو رابطے کی بہتر سہولت فراہم کریں۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ ایس کام کی اجارہ داری قبول نہیں کریں گے اور “دیگر سروسز آن کرو” مہم جاری رکھیں گے۔
حویلی کہوٹہ کے عوام طویل عرصے سے ناقص موبائل فون سروس اور غیر معیاری انٹرنیٹ سے شدید پریشان ہیں۔

متعدد شکایات اور احتجاج کے باوجود متعلقہ ادارے مؤثر اقدامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔

سماجی رہنما مجتبیٰ بن فیض فاروقی نے کہا کہ دنیا ترقی کی دوڑ میں بہت آگے جا چکی ہے مگر حویلی کہوٹہ کے نوجوان آج بھی بہتر مواصلاتی سہولیات سے محروم ہیں۔

انہوں نے اربابِ اختیار سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اس سنگین مسئلے کا نوٹس لیں اور دیگر موبائل کمپنیوں کو بھی حویلی میں نیٹ ورک سروس فراہم کرنے کی اجازت دیں۔

مزید یہ بھی پڑھیں:18 سال سے زائد عمر کے بچوں کے والدین کیلئے اہم ہدایات جاری

Scroll to Top