بینک اکاؤنٹ کھولنے کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبر آ گئی

(کشمیر ڈیجیٹل) پاکستان میں سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے ایک اہم اقدام اٹھاتے ہوئے اسٹارٹ اپس اور نئی قائم ہونے والی کمپنیوں کے لیے کارپوریٹ بینک اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو تیز اور آسان بنا دیا ہے۔

ایس ای سی پی نے اس سلسلے میں مختلف ڈیجیٹل بینکوں کے ساتھ مفاہمت کی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں۔ اس معاہدے کے تحت ایک محفوظ اے پی آئی (API) پر مبنی انضمام کیا جائے گا، جس کے نتیجے میں کمپنیوں کو اب ایک ہی دن کے اندر اپنا کارپوریٹ بینک اکاؤنٹ کھلوانے کی سہولت دستیاب ہوگی۔ یہ اقدام پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، شفافیت میں اضافے اور مالیاتی عمل کی بہتری کے لیے سنگ میل ثابت ہوگا۔

اس سے قبل ایس ای سی پی نے ایک معیاری فارمیٹ متعارف کرایا تھا تاکہ بورڈ قراردادوں کو یکساں بنایا جا سکے، جس سے کارپوریٹ اکاؤنٹس کھولنے کے طریقہ کار میں سادگی اور شفافیت پیدا ہو۔ یہ تمام اقدامات پاکستان میں رجسٹرڈ کمپنیوں کے لیے بینکنگ کے عمل کو ہموار، تیز اور مؤثر بنانے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: 1500 روپے پرائز بانڈ رکھنے والوں کیلئے بڑی خوشخبری آ گئی!

ایم او یو پر دستخط کی تقریب میں ایس ای سی پی کے کمشنر ذیشان رحمان خٹک، چیئرپرسن عاکف سعید اور دیگر تنظیموں کے سینئر عہدیداروں نے شرکت کی۔ چیئرپرسن ایس ای سی پی عاکف سعید نے اس موقع پر کہا کہ ڈیجیٹل بینکوں کے ساتھ تعاون مالیاتی شعبے کی ترقی اور کاروباری سہولت کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایس ای سی پی کا بنیادی مقصد کاروباری طبقے کو آسانی فراہم کرنا، مالی شمولیت میں اضافہ لانا اور کمپنیوں کو فوری طور پر رسمی مالیاتی نظام تک رسائی فراہم کرنا ہے۔ عاکف سعید نے اس عزم کا اظہار کیا کہ یہ قدم پاکستان میں کاروباری ماحول کو مزید ڈیجیٹل اور اسٹارٹ اپ دوست بنائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: کویت کا نیا آن لائن پلیٹ فارم ’وزٹ کویت‘، ای ویزا کا حصول مزید آسان

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور ملک بھر میں کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کو نئی رفتار ملے گی۔ ایس ای سی پی کا یہ فیصلہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی جانب ایک اور نمایاں پیش رفت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

Scroll to Top