آزادکشمیر یونیورسٹی واقعہ،ملوث عناصر کو کٹہرے میں لایا جائے، وزیراعظم کا حکم

 مظفرآباد؛وزیر اعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت مظفرآباد میں امن و امان کے حوالے سے اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں موسٹ سینئر وزیر و وزیر داخلہ کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق، وزیر صحت نثار انصر ابدالی، انسپکٹر جنرل پولیس رانا عبدالجبار، کمشنر مظفرآباد ڈویژن چوہدری گفتار احمد اور ڈی آئی جی مظفرآباد ریجن یاسین قریشی نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیراعظم کو آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی میں پیش آنے والے واقعے کے بارے میں کمشنر مظفرآباد نے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے ہدایت کی کہ یونیورسٹی میں پیش آنے والے واقعہ میں ملوث عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اور انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

وزیراعظم آزادکشمیر نےمیڈیکل کالجز کی فیسیں بڑھانے کا مطالبہ مستردکردیا

ادھروزیر اعظم انوارالحق کی زیر صدارت میڈیکل کالجز کی گورننگ باڈی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے گورننگ باڈی کی جانب سے میڈیکل کالجز کی فیسیں بڑھانے کا مطالبہ مسترد کر دیا۔

گورننگ باڈی کے اجلاس میں آزادکشمیر کے تینوں میڈیکل کالجز کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں وزیر صحت نثار انصر ابدالی، سردار میر اکبر خان، چوہدری اظہر صادق، سپیشل سیکرٹری صحت سمیت میڈیکل کالجز کے پرنسپل صاحبان نے شرکت کی جبکہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور کے وائس چانسلر اور سیکرٹری صحت بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے ہدایت کی کہ میڈیکل کالجز کی جوائنٹ ایڈمیشن کمیٹی کے اکاؤنٹس کی دس سال کی سکروٹنی کر کے ایک ماہ میں رپورٹ پیش کی جائے۔

وزیراعظم نے گورننگ باڈی کی جانب سے میڈیکل کالجز کی فیسوں میں اضافے کے مطالبے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ میڈیکل طلبہ کی فیسوں میں کوئی اضافہ نہیں کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے میڈیکل کالج مظفرآباد کے زیر اہتمام ایمز ہسپتال میں ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ کو اپ گریڈ کرنے کی اصولی منظوری دیتے ہوئے پی سی ون بنا کر ڈی ڈبلیو پی سے منظوری حاصل کرنے کی ہدایت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ میڈیکل کالجز کی کنٹریکٹ پالیسی بنا کر ایک ہفتے میں پیش کی جائے اور ایکسٹینشنز میں توسیع کا اختیار گورننگ باڈی کو دیا جائے۔

کوئی ایک پائی کی کرپشن کا الزام تک نہیں لگا سکتا، جب تک قلم کا اختیار ہے عوامی خدمت کا سفر جاری رہیگا، انوارالحق

ادھروزیر اعظم چوہدری انوارالحق سے موسٹ سینئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزراء حکومت سردار میر اکبر خان، نثار انصر ابدالی اور چوہدری اظہر صادق نے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کے فضل سے عوامی خدمت کا مشن کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے، ہم عوامی خدمت کا مشن لے کرآئے جس میں اللّہ تعالیٰ نے سرخرو کیا۔

سکیموں کو نہ سیاسی رشوت کیلئے استعمال کیا نہ اقرباء پروری کی، جب سے اقتدار سنبھالا ہے، کوئی بھی ایک پائی کی کرپشن کا الزام تک نہیں لگا سکتا، ترقیاتی منصوبوں میں میرٹ اور شفافیت کو فروغ دیا۔

انہوں نے کہا کہ ترقیاتی منصوبوں میں عوام کی سہولت اور فلاح کو مدنظر رکھا گیا اور اس میں میرٹ کو بنیاد بنایا گیا تاکہ حقیقی حق دار افراد تک وسائل کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

حکومت نے صاف و شفاف پی ایس سی اور این ٹی ایس کا نفاذ عمل میں لایا جس سے ہزاروں پڑھے لکھے نوجوان اپنی اہلیت صلاحیت کی بنیاد پر تعینات ہوئے۔

حکومت نے ہر شعبہ ہائے زندگی میں اصلاحات لانے کی کوشش کی۔ آزادکشمیر کے تمام حلقوں میں بلاتخصیص ترقیاتی فنڈز کی فراہمی یقینی بنائی گئی۔

انہوں نے کہا جب تک قلم کا اختیار ہے عوامی خدمت سفر جاری رہے گا۔

Scroll to Top