پاکستان نے سرحد پار سے آنیوالے ڈرونز کا توڑ نکال لیا، جیمنگ گن تیار

اسلام آباد( کشمیر ڈیجیٹل)پاکستان نے سرحد پار سے آنے والے خود کش ڈرونز کا توڑ نکال لیا۔

نیشنل الیکٹرونکس کمپلیکس میں تیار “سفرا ڈرون جیمنگ گن” نے “کامی کازی” ڈرون ناکارہ کرنا شروع کردیئے اور یہ جیمنگ گن ڈیڑھ کلو میٹر دور سے ڈرون کو نشانہ بنا کر اسے اور اس کے ریموٹ کنٹرول کو ناکارہ کردیتی ہے۔

کراچی میں جاری میری ٹائم ایکسپو میں جیمنگ گن کی نمائش کی گئی۔

اینٹی ڈرون جیمر گن بنانے والی کمپنی کے منیجر حمزہ خالد نے بتایا کہ اس گن کو ملکی سرحدوں پر نصب کیا جاسکتا ہے جبکہ اس کے علاوہ شہروں میں ہونے والے بڑے ایونٹس میں بھی اسے استعمال کیا جاسکتا ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ گن تھرٹی ڈگری کے اینگل پر ڈیڑھ کلومیٹر کی رینج میں کام کرتی ہے جبکہ ضرورت کے مطابق اس کے اینگل تبدیل بھی کیے جاسکتے ہیں، اس رینج میں آنے والے تمام ڈرونز کا کنٹرول حاصل کرلیا جاتا ہے یا انھیں ناکارہ بناتے ہوئے اپنے پاس لینڈ کرالیا جاتا ہے۔

حمزہ خالد نے مزید بتایا کہ سرحد پار سے آنے والے ڈرونز کو اس گن کی مدد سے بآسانی نشانہ بنایا جاسکتا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں حمزہ خالد کا کہنا تھا کہ دشمن کی جانب سے آنے والے ڈرونز کتنی ہی تعداد میں آجائیں گن انھیں ناکارہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔

مزید یہ بھی پڑھیں:شوکت جاویدمیر نے پیپلزپارٹی وادی لیپہ کا اہم اجلاس طلب کرلیا

Scroll to Top