آزاد کشمیر حکومت نے میرپور بورڈ نتائج پر انکوائری کمیٹی قائم کر دی

مظفرآباد (کشمیری ڈیجیٹل): آزاد جموں و کشمیر حکومت نے طلباء کے شدید تحفظات کے بعد میرپور انٹرمیڈیٹ امتحانی نتائج میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے باضابطہ طور پر ایک انکوائری کمیٹی قائم کر دی ہے۔

محکمہ تعلیم آزاد جموں و کشمیر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو میرپور بورڈ کے حالیہ انٹرمیڈیٹ نتائج میں سامنے آنے والی بے قاعدگیوں اور غلطیوں کی جانچ کرے گی۔ محکمہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی طلباء اور والدین کی شکایات پر تشکیل دی گئی ہے جنہوں نے نتائج میں واضح خامیوں اور تضادات پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

آزاد کشمیر حکومت نے ہدایت جاری کی ہے کہ نتائج کی تیاری، مارکنگ کے عمل اور شفافیت کے حوالے سے مکمل انکوائری کی جائے تاکہ درستگی اور اعتماد کو یقینی بنایا جا سکے۔ ذرائع کے مطابق کمیٹی نتائج میں سامنے آنے والی بے ضابطگیوں کی تفصیلی تحقیقات کرے گی اور آئندہ ایسے حالات سے بچاؤ کے لیے سفارشات بھی پیش کرے گی۔

یہ بھی پڑھیں: طلباء احتجاج ! میرپور بورڈ نے E-Markingنظام کا ازسرِنو جائزہ لینے کا اعلان کر دیا

یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی ہے جب طلباء نے میرپور بورڈ کے امتحانی نتائج میں بے قاعدگیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل میرپور تعلیمی بورڈ نے فزکس، کیمسٹری، بیالوجی، انگریزی اور کمپیوٹر سائنس جیسے اہم مضامین میں ای مارکنگ کے عمل کا ازسرِ نو جائزہ لینے کا باضابطہ اعلان کیا تھا۔ کنٹرولر امتحانات پروفیسر مسعود چوہدری کے مطابق اس مقصد کے لیے سیکرٹری ہائر ایجوکیشن آزاد جموں و کشمیر کو باضابطہ اطلاع بھی دی گئی ہے اور تینوں ڈویژنوں، مظفرآباد، میرپور اور راولا کوٹ کے ماہرینِ تعلیم پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دینے کی سفارش کی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: رانو ریچھ کراچی سے اسلام آباد منتقلی کے لیے روانہ

مزید بتایا گیا ہے کہ ہر مضمون کے لیے ایک تجربہ کار اور اہل پروفیسر کو کمیٹی میں شامل کیا جائے گا جو ای مارکنگ کے معیار، شفافیت اور کارکردگی کا تفصیلی تجزیہ کرے گا۔

کمیٹی تمام امور کا جائزہ لے کر اپنی سفارشات ایک ہفتے کے اندر مکمل رپورٹ کی صورت میں پیش کرے گی۔

Scroll to Top