وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بابا گورو نانک کے جنم دن کے موقع پر دنیا بھر کی سکھ برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بابا گورو نانک کی تعلیمات انسانیت، محبت اور اخوت کا عظیم پیغام ہیں، جن پر عمل پیرا ہو کر ہی دنیا میں امن اور بھائی چارے کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ بابا گورو نانک کے جنم دن پر سکھ برادری کی پنجاب آمد پر ’’جی آیاں نوں‘‘ کہتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک انسانیت، محبت اور رواداری کے علمبردار تھے جنہوں نے انسانوں کو ایک دوسرے کے دکھ سکھ بانٹنے اور امن و آشتی کے ساتھ زندگی گزارنے کا درس دیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پرامن معاشرے رواداری، احترام اور بھائی چارے کی بنیاد پر قائم ہوتے ہیں، یہی وہ اقدار ہیں جن کی آج کے دور میں اشد ضرورت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: وادیِ لیپہ میں شدید برفباری، پاک فوج نے 52 مسافروں کوبروقت ریسکیو کر لیا
مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام شہریوں کو مساوی سہولتوں اور حقوق کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے، چاہے تعلق کسی بھی مذہب، فرقے یا برادری سے ہو۔ ہم سب کو مل جل کر اپنی پاک سرزمین کو امن و آشتی، رواداری اور بھائی چارے کی بہترین مثال بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بابا گورو نانک نے محبت، ہمدردی، انسانیت اور بردباری کا درس دیا جو ہماری معاشرتی ترقی اور باہمی احترام کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے مزید کہا کہ گزشتہ سال کرتارپور میں بیساکھی میلے میں شرکت ان کیلئے ایک یادگار موقع تھا، جس نے انہیں سکھ برادری کے جذبات اور عقیدت کو قریب سے دیکھنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال بھی بابا گورو نانک کے جنم دن کی تقریبات کے موقع پر پنجاب حکومت نے سکھ زائرین کیلئے بہترین انتظامات کیے ہیں۔ سکھ برادری کے گوردواروں کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور سکیورٹی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے تاکہ آنے والے یاتریوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
یہ بھی پڑھیں: بابا گرو نانک دیو جی کے جنم دن کی تقریبات،2100بھارتی سکھ یاتریوں کو ویزے جاری
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کی سرزمین محبت، بھائی چارے اور انسانیت کی علامت ہے، اور بابا گورو نانک کے فلسفے سے ہم یہ سیکھتے ہیں کہ حقیقی ترقی صرف باہمی احترام، اتحاد اور انسان دوستی میں ہے۔




