دوحہ:صدر آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر دوحہ قطر پہنچ گئے۔حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر صدرِ مملکت اور ان کے وفد کا استقبال سینئر قطری حکام اور دوحہ میں تعینات پاکستان کے سفیر نے کیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر مملکت آصف علی زرداری تین روزہ سرکاری دورے پر دوحہ، قطر پہنچ گئے۔ قطر کے حماد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر صدرِ مملکت اور ان کے وفد کا استقبال سینئر قطری حکام اور دوحہ میں تعینات پاکستان کے سفیر نے کیا۔
صدر آصف علی زرداری کواستقبال کے موقع پرپھولوں کا گلدستہ پیش کیا گیا۔صدر آصف علی زرداری عالمی سماجی ترقیاتی کانفرنس میں شرکت کریں گے۔
اپنے کلیدی خطاب میں صدر مملکت عالمی برادری کو سماجی ترقی اور جامع معاشی نمو کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں: سی پیک نے گلگت بلتستان کے لیے ترقی اور خوشحالی کے نئے دروازے کھول دیے، صدر آصف علی زرداری
پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدرزرداری سماجی تحفظ، غربت میں کمی اور کمزور طبقوں کو مستحکم کرنے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کردار پر روشنی ڈالیں گے۔
کانفرنس میں صدر مملکت دوحہ الائنس، سوشل پروٹیکشن اینڈ جابز کمپیکٹ کے آغاز کے لیے پاکستان کے اقدامات اور عالمی ترقیاتی وعدوں سے ہم آہنگ منصوبوں پر بات کریں گے۔
صدر آصف علی زرداری سماجی و ماحولیاتی تبدیلیوں کے لیے مالی وسائل کے حصول، ایس ڈی جی اسٹمولیس اور دیگر عالمی اقدامات کی اہمیت پر زور دیں گے۔
صدر آصف علی زرداری اپنے دورے کے دوران مختلف عالمی و علاقائی رہنماؤں اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔




