جیفری ایپسٹین اسکینڈل پر شاہی خاندان کے ساتھ بہت برا ہوا: ٹرمپ

واشنگٹن :امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جیفری ایپسٹین اسکینڈل کے معاملے پر برطانوی شاہی خاندان کے ساتھ ہونے والے سلوک کو افسوسناک قرار دیا ہے۔

گزشتہ دنوں جیفری ایپسٹین اسکینڈل سے متعلق نئے الزامات سامنے آنے کے بعد برطانوی بادشاہ چارلس سوم نے اپنے چھوٹے بھائی شہزادہ اینڈریو سے تمام شاہی خطابات اور ونڈسر کی رہائش گاہ واپس لینے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس فیصلے نے شاہی خاندان کے اندر ایک نئی بحث چھیڑ دی۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جیفری ایپسٹین اسکینڈل کے معاملے پر شہزادہ اینڈریو اور شاہی خاندان کے ساتھ جو کچھ ہوا، وہ بہت افسوسناک اور ناانصافی پر مبنی ہے۔ ان کے مطابق، اس طرح کے فیصلے خاندان کی ساکھ پر غیر ضروری دباؤ ڈالتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اسی موقع پر سپریم کورٹ میں ٹیرف کیس کے حوالے سے کہا کہ وہ سماعت میں شرکت نہیں کریں گے کیونکہ وہ کسی ایسے اقدام سے گریز چاہتے ہیں جو عدالتی فیصلے کی اہمیت کو متاثر کرے۔ انہوں نے کہا کہ برسوں سے دنیا امریکا کے خلاف ٹیرف عائد کرتی رہی ہے، تاہم اب حالات بدل چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب نے 195 ممالک کی نمائندہ عالمی تنظیم کی سربراہی حاصل کر لی

ان کا کہنا تھا کہ “ہم کئی ممالک خصوصاً چین کی جانب سے معاشی استحصال کا شکار رہے، مگر اب ٹیرف نے ہمیں زبردست قومی سلامتی دی ہے۔”

امریکی صدر نے نائیجیریا میں جاری صورتحال پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ وہاں مسیحیوں کو بڑے پیمانے پر ہلاک کیا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نائیجیریا میں امریکی زمینی یا فضائی کارروائی ممکن ہے۔

یہ بھی پڑھیں: نیویارک کی میئرشپ کے امیدوارزہران ممدانی کو سابق امریکی صدر کی حمایت مل گئی

ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکا فی الحال یوکرین کو ٹوماہاک میزائل دینے پر غور نہیں کر رہا۔ انہوں نے حماس کی جانب سے تین یرغمالیوں کی لاشیں واپس کرنے کے اقدام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دورِ اقتدار میں دنیا بھر میں آٹھ جنگیں رکوا کر امن کی راہیں ہموار کیں۔

Scroll to Top