سعودی عرب کو انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف سپریم آڈٹ انسٹی ٹیوشنز (INTOSAI) کی سربراہی مل گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے تنظیم کی جنرل اسمبلی کے 25 ویں اجلاس میں شرکت کی، جس میں سعودی وفد کی قیادت جنرل کورٹ آف آڈٹ کے صدر ڈاکٹر حسام بن عبدالمحسن العنقری نے کی۔ اجلاس کے دوران جنرل اسمبلی نے سعودی عرب، جس کی نمائندگی جنرل کورٹ آف آڈٹ (GCA) کر رہی ہے، کو 2033 سے 2031 تک کی مدت کے لیے تنظیم کا سربراہ منتخب کیا۔
رپورٹ کے مطابق اس فیصلے کے بعد سعودی عرب 2031 میں دنیا بھر کے 195 سے زیادہ ممالک کے وفود کی میزبانی کرے گا۔ یہ اجلاس عالمی سطح پر شفافیت اور احتساب کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: متحدہ عرب امارات، سنگاپور اور ناروے اے آئی کے عالمی استعمال میں سب سے آگے
ڈاکٹر حسام بن عبدالمحسن العنقری نے سربراہی ملنے پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب اپنی سربراہی کے دوران انٹرنیشنل آرگنائزیشن آف سپریم آڈٹ انسٹی ٹیوشنز کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ ان کے مطابق مملکت کا ہدف عالمی سطح پر مالی شفافیت، احتساب اور بہتر گورننس کو فروغ دینا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: افغانستان کے ہندوکش خطے میں 6.3 شدت کا زلزلہ، 7 افراد جاں بحق
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب 2031 میں دارالحکومت ریاض میں تنظیم کے رکن ملکوں کی میزبانی کا منتظر ہے، جو نہ صرف سعودی عرب بلکہ پورے خطے کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ ڈاکٹر حسام بن عبدالمحسن العنقری نے واضح کیا کہ یہ کامیابی سعودی عرب کی بین الاقوامی حیثیت اور عالمی اعتماد کو ظاہر کرتی ہے۔ ان کے بقول، یہ اعزاز سعودی قیادت کی مسلسل سپورٹ اور جنرل کورٹ آف آڈٹ کو بااختیار بنانے کے بغیر ممکن نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ مملکت عالمی اداروں کے ساتھ اشتراک کو مزید مضبوط کرے گی تاکہ آڈٹ کے شعبے میں بہترین عالمی معیارات کے مطابق اصلاحات کو فروغ دیا جا سکے۔




