وزیراعظم انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد ہفتے میں پیش کردی جائیگی، میاں وحید

نیلم: آزاد کشمیر کے وزیر قانون میاں عبدالوحید نے کہا ہےکہ وزیراعظم چوہدری انوارالحق کے خلاف ایک ہفتے کے اندر تحریک عدم اعتماد پیش کردی جائے گی۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون میاں عبدالوحید نے کہا کہ نئی حکومت کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کےلیے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت ہو رہی ہے جس کی وجہ سے تحریک عدم اعتماد پیش کرنے میں تاخیر ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایاکہ وزیر اعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد کا طریقہ کار طے ہوگیا ہے اور ایک ہفتےکے اندر تحریک پیش کر دی جائےگی۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے حمایت یافتہ اراکین کی پیپلز پارٹی میں شمولیت سے قانون ساز اسمبلی میں پیپلز پارٹی کے اپنے ممبران کی تعداد27ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان پیپلز پارٹی اندرونی اختلافات کے باعث تحریک عدم اعتماد نہ لا سکی

یاد رہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے آزاد کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوار الحق کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے پر اتفاق کیا ہے تاہم ن لیگ نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ حکومت سازی میں پیپلز پارٹی کا ساتھ نہیں دیگی۔

اگر پیپلز پارٹی کے پاس مطلوبہ اراکین کی تعداد پوری ہے تو پیپلز پارٹی کا حق ہے وہ حکومت بنائے، ن لیگ نے اپوزیشن میں بیٹھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ 27ارکان پورے ہونے اور ن لیگ کے حمایت کے اعلان کے باوجود پیپلزپارٹی ابھی تک وزیراعظم چوہدری انوارالحق کیخلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے میں ناکام ہے۔کئی اجلاس ہونے کے باوجود بھی کوئی فیصلہ نہیں ہوا،بلاول بھٹو زرداری نے اعلان کیا ہے کہ وزیراعظم کے امیدوار کا اعلان کشمیر سے ہوگا۔

تحریک عدم اعتماد نہ پیش ہونے پرسوشل میڈیا پر افواہوں اور چہ میگوئیاں کا بازار گرم ہے اور ہر کوئی اپنے پسندیدہ لیڈر کو وزیراعظم کا امیدواربتا رہا لیکن پیپلزپارٹی قیادت نے ابھی تک کوئی امیدوار فائنل نہیں کیادوسری طرف وزیراعظم چوہدری انوارالحق اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہیں۔

Scroll to Top