شہباز شریف

آزادیِ صحافت کے تحفظ اور صحافیوں کو محفوظ ماحول فراہم کرنے کیلئے پُرعزم ہیں،وزیر اعظم شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان آزادیِ صحافت کے فروغ اور صحافیوں کو ایک محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے ۔

صحافیوں کے خلاف جرائم کے خاتمے کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ایک آزاد ، ذمہ دار اور باضمیر میڈیا جمہوریت کی بنیاد اور معاشرتی استحکام کی ضمانت ہے ۔

 ان کا کہنا تھا کہ صحافی عوام تک سچائی پہنچانے میں مرکزی کردار ادا کرتے ہیں اور جب ان پر تشدد ، دھمکی یا انتقامی کارروائی کی جاتی ہے تو دراصل یہ حملہ اظہارِ رائے کی آزادی پر ہوتا ہے ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:روس نے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا

انہوں نے اس موقع پر اُن تمام صحافیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جنہوں نے حق و انصاف کی خاطر مشکلات کا سامنا کیا اور اپنے پیشے کی حرمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنائے گی کہ صحافیوں کے خلاف ہونے والے جرائم کی منصفانہ تفتیش ہو تاکہ متاثرین کو انصاف ملے اور مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے ۔

وزیراعظم نے ان اہلِ قلم کے اہلِ خانہ سے بھی اظہارِ ہمدردی کیا جنہوں نے اپنے پیاروں کو پیشہ ورانہ فرائض کی ادائیگی کے دوران کھو دیا ۔

مزید یہ بھی پڑھیں:سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو دل کی تکلیف ہونے پر طبی معائنہ، 2 اسٹنٹ ڈالے گئے

ان کا مزید کہنا تھا کہ قوم اُن قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی جو صحافت کے میدان میں دی گئیں شہباز شریف نے عالمی برادری ، میڈیا اداروں اور سول سوسائٹی سے بھی اپیل کی کہ وہ صحافیوں کے تحفظ اور آزادیِ اظہار کے فروغ میں فعال کردار ادا کریں ۔

Scroll to Top