مظفرآباد:آزاد کشمیر سے تعلق رکھنے والے معروف سماجی رہنما شمریز عباسی نے سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے رابطہ کیا اور سات پاکستانیوں سمیت ایک کشمیری کی اغوا کاروں سے بازیابی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند ماہ کے دوران دبئی سے ایک کشمیری شخص نے سات پاکستانیوں اور کچھ سری لنکن مزدوروں کو نوکری کا جھانسہ دے کر کمبوڈیا پہنچایا جہاں ان سے جبری مشقت لی جاتی تھی اور انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا جاتا تھا۔ اس صورتحال پر متاثرہ کشمیری خاندانوں نے سماجی رہنما شمریز عباسی سے مدد کی اپیل کی۔ شمریز عباسی نے اپنے ذاتی تعلقات کی بنیاد پر سابق صدر آزاد کشمیر سردار مسعود خان سے رابطہ کیا اور انہیں معاملے کی مکمل تفصیلات سے آگاہ کیا۔
سردار مسعود خان نے فوری اور مؤثر سفارتی اقدامات کرتے ہوئے کمبوڈیا میں موجود پاکستانی اور کشمیری مزدوروں کی رہائی کے لیے کوششیں تیز کیں، جن کے نتیجے میں تمام متاثرہ افراد کو اغوا کاروں کے چنگل سے بازیاب کروایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: وادی لیپہ کی عوام کا پاک فوج سے اظہارِ یکجہتی، جذبۂ حب الوطنی سے لبریز تقریب
شمریز عباسی نے اس موقع پر سابق صدر سردار مسعود خان اور حکومتِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بروقت سفارت کاری اور بھرپور کوششوں کے باعث کمبوڈیا میں پھنسے مظلوم اور بے سہارا محنت کشوں کو وطن واپسی کا موقع ملا۔ انہوں نے سردار مسعود خان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نہ صرف انسانیت کی خدمت ہے بلکہ کشمیری عوام کے لیے فخر کا باعث بھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: باراتیوں سے سلامی لینے کا ڈیجیٹل طریقہ متعارف،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
شمریز عباسی نے دبئی اور دیگر خلیجی ممالک میں محنت مزدوری کرنے والے نوجوانوں کو متنبہ کیا کہ وہ کسی بھی بڑی پیش کش یا لالچ میں آ کر اپنی زندگیوں کو خطرے میں نہ ڈالیں، بلکہ ہمیشہ تصدیق شدہ ذرائع سے ہی بیرونِ ملک ملازمت کے مواقع حاصل کریں۔




