باراتیوں سے سلامی لینے کا ڈیجیٹل طریقہ متعارف،ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

بھارت میں ایک شادی کے دوران سلامی لینے کے لیے روایتی انداز کے بجائے ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا۔ یہ انوکھا واقعہ بھارتی ریاست کیرالہ میں پیش آیا، جہاں ایک شادی کی تقریب میں دلہن کے والد نے مہمانوں سے سلامی وصول کرنے کے لیے ڈیجیٹل طریقہ اپنایا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص نے اپنے لباس پر ایک بار کوڈ (QR کوڈ) لگایا ہوا ہے۔ وہ شادی میں شریک افراد کو بار کوڈ اسکین کرنے کے لیے کہہ رہا ہے تاکہ وہ سلامی ڈیجیٹل انداز میں ادا کر سکیں۔

یہ منظر نہ صرف دلچسپ ہے بلکہ اس نے سوشل میڈیا صارفین کو حیران بھی کر دیا ہے۔ روایتی طور پر شادیوں میں سلامی نقد رقم یا تحائف کی صورت میں دی جاتی ہے، مگر کیرالہ میں ہونے والی اس شادی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایک نیا انداز اپنایا گیا۔

ویڈیو میں دلہن کے والد کو باراتیوں سے مسکرا کر بات کرتے اور بار کوڈ اسکین کرنے کے لیے کہتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ صارفین نے اس انوکھے انداز پر مختلف تبصرے کیے ہیں۔ کچھ افراد نے اس اقدام کو مزاحیہ قرار دیا تو کچھ نے اسے جدید دور کی ضرورت کہا۔

یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ نے نائیجیریا کے خلاف فوجی کارروائی کی دھمکی دے دی

کیرالہ کی اس شادی نے لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا ہے کہ اب شادیوں میں سلامی دینے کے طریقے بھی بدل سکتے ہیں۔ سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ اب شاید مستقبل میں کیش یا تحفے دینے کے بجائے ڈیجیٹل ادائیگی کے ذریعے سلامی دینا عام بات بن جائے۔

یہ بھی پڑھیں: روس نے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا

یہ ویڈیو تیزی سے مختلف پلیٹ فارمز پر شیئر کی جا رہی ہے اور صارفین نہ صرف اس انوکھے اقدام پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں بلکہ اسے ایک دلچسپ تجربہ قرار دے رہے ہیں۔ کیرالہ کی اس ویڈیو نے اس بات کو واضح کر دیا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی اب شادی بیاہ کی روایات میں بھی اپنی جگہ بنا چکی ہے۔

Scroll to Top