روس نے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (کشمیر ڈیجیٹل): روسی حکومت نے پاکستانی طلبہ کے لیے مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان کیا ہے، جن کے تحت طلبہ روس کی معروف یونیورسٹیوں میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی سطح پر تعلیم حاصل کر سکیں گے۔

یہ اقدام نہ صرف پاکستان اور روس کے درمیان تعلیمی تعلقات کو مضبوط کرے گا بلکہ دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی روابط کو بھی فروغ دے گا۔ روس طویل عرصے سے پاکستان کا قابل اعتماد تعلیمی شراکت دار رہا ہے اور ہر سال سینکڑوں اسکالرشپس فراہم کر کے بین الاقوامی تعلیمی تبادلے کو فروغ دیتا رہا ہے۔

روسی حکومت کا یہ نیا پروگرام بھی اسی روایت کا تسلسل ہے، جس کا مقصد پاکستانی طلبہ کو انجینئرنگ، میڈیسن، سائنس اور ہیومینیٹیز جیسے عالمی سطح پر تسلیم شدہ اداروں میں تعلیم کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اسکالرشپ کے تحت طلبہ کی ٹیوشن فیس مکمل طور پر ادا کی جائے گی اور انہیں ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا، تاہم سفر اور رہائش کے اخراجات طلبہ کو خود برداشت کرنا ہوں گے۔

اس اسکالرشپ کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 جنوری 2026 مقرر کی گئی ہے، اور درخواستیں روسی حکومت کے آفیشل پورٹل www.education-in-russia.com
کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شہد سردیوں میں توانائی اور قوتِ مدافعت بڑھانے کا قدرتی ذریعہ

پاکستان میں نامزدگیوں سے متعلق تمام معاملات روسی ہاؤس کراچی کے ذریعے نمٹائے جاتے ہیں، جو ملک میں اس پروگرام کا واحد مجاز ادارہ ہے۔ امیدوار ایک درخواست میں زیادہ سے زیادہ چھ یونیورسٹیوں کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ درخواست کے ساتھ تعلیمی اسناد اور ذاتی دستاویزات متعلقہ ڈگری کی ضروریات کے مطابق اپ لوڈ کرنا لازمی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: چینی صدر کا مصنوعی ذہانت نگرانی کے لیے عالمی ادارہ قائم کرنے پر زور

داخلے کے عمل میں امیدواروں کی تعلیمی کارکردگی، پورٹ فولیو اور بعض تخلیقی یا جسمانی صلاحیتوں کے ٹیسٹ شامل ہیں۔ ابتدائی مرحلہ کامیابی سے مکمل کرنے والے امیدوار بعد میں اپنی میڈیکل اور ترجمہ شدہ دستاویزات روسی قونصلیٹ سے تصدیق شدہ شکل میں فراہم کریں گے۔

گزشتہ چند مہینوں میں امریکہ، برطانیہ اور جاپان سمیت کئی ممالک نے بھی پاکستانی طلبہ کے لیے تعلیمی مواقع فراہم کرنے کے منصوبے متعارف کرائے ہیں، جو عالمی سطح پر پاکستان کے نوجوان تعلیمی ٹیلنٹ کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتے ہیں۔

Scroll to Top