برطانیہ : ٹرین میں چاقو کے حملے میں متعدد افراد زخمی، 2 مشتبہ افراد زیر حراست

برطانیہ کے علاقے کیمرج شائر میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں ٹرین میں چاقو کے حملے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق زخمیوں میں سے 9 کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ڈانکاسٹر سے لندن کنگز کراس جانے والی ٹرین مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 25 منٹ پر روانہ ہوئی تھی۔

پولیس نے بتایا کہ حملہ اچانک پیش آیا اور مسافروں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ واقعے کے فوراً بعد ہنٹنگڈن اسٹیشن پر پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ واقعے کے دوران ٹرین میں موجود متعدد مسافروں کو لندن جانے والی بسوں میں منتقل کیا گیا تاکہ انہیں محفوظ مقام تک پہنچایا جا سکے۔

کیمرج شائر پولیس نے اس حملے کو “بڑا حادثہ” قرار دیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ انسدادِ دہشت گردی کے ماہر افسران تحقیقات میں معاونت کر رہے ہیں۔ حکام کے مطابق واقعے کی مکمل تفتیش جاری ہے اور اس بات کا جائزہ لیا جا رہا ہے کہ آیا یہ حملہ کسی منظم منصوبے کا حصہ تھا یا انفرادی کارروائی۔

ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اس نے ایک شخص کو دیکھا جو خون آلود بازو کے ساتھ بوگی کے اندر بھاگ رہا تھا اور چیخ رہا تھا کہ “ان کے پاس چاقو ہے، بھاگو۔” اسی دوران ایک اور شخص زمین پر گرا ہوا نظر آیا، جس سے مسافروں میں خوف اور انتشار کی کیفیت پیدا ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیں: نجومی کے کہنے پرشوہر پربے وفائی کا الزام ، چینی خاتون تھانے پہنچ گئی

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق حملے میں 10 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 9 کی حالت نازک ہے۔ پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر فوری پہنچ گئیں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کو ہنگامی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اس افسوسناک اور خوفناک واقعے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ “انتہائی پریشان کن” ہے۔ وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مقامی حکام کی ہدایات پر عمل کریں اور افواہوں سے گریز کریں تاکہ تحقیقات میں رکاوٹ نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں:آزاد کشمیر کے محمد عامر نے برطانیہ میں کم عمر لارڈ میئر بن کر تاریخ رقم کر دی

پولیس کے مطابق تحقیقات جاری ہیں، تاہم ابھی تک اس حملے کی وجوہات کے بارے میں کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آیا۔ حکام نے یقین دلایا ہے کہ عوام کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Scroll to Top