اسلام آباد:سپیکر قانون ساز اسمبلی ،سینئر پارلیمنٹرین ممبر سی ای سی پاکستان پیپلز پارٹی چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمارا اوڑھنا بچھونا اور عزت و احترام دینےکا انقلابی نظریاتی پلیٹ فارم ہے، پیپلز پارٹی اور اسکی قیادت کا فیصلوں کے سامنے نظریاتی پیروکاروں نے کبھی عذر جواز پیش نہیں کیا۔
صدر آصف علی زرداری، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری، سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور نے ہمیشہ قومی تشخص قومی وقار عوامی مفادات کو مقدم رکھا آزاد کشمیر اسمبلی میں قائد ایوان کا انتخاب کرنا انکی صوابدید ہے، کارکن کسی قسم کی رائے زنی سے اجتناب کریں۔
قائد ایوان کی نامزدگی کے حوالے سے میڈیا پر آنے والی اطلاعات پر ردعمل میں چوہدری لطیف اکبر نےکہا کہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے مسئلہ کشمیر کو اپنی پالیسیوں کی ترجیحات میں شامل رکھا۔ عوام کے مسائل انکی دہلیز پر بلا تخصیص فراہم کرنے کی تبدیلوں کو نافذ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: آزادکشمیر میں ان ہائوس تبدیلی، صدروزیراعظم کی اہم ملاقات،پی پی کا اجلاس آج طلب
چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس عدم اعتماد کیلئے مطلوبہ تعداد سے کہیں زیادہ ممبران اسمبلی کی اکثریت پیپلز پارٹی کے ساتھ ہے تاہم قیادت مشاورت اور اعتماد سازی مفاہمتی فارمولا کے ذریعے ون مین شو اور سولو فلائٹ کی روش ختم کر کے نظریہ استحکام پاکستان اور وفاقی حکومت سے ورکنگ ریلیشن شپ کو پروان چڑھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کارکن پارٹی قیادت کے فیصلوں کا احترام کرتے ہوئے کسی قسم کی رائے زنی سے اجتناب کریں ،پیپلز پارٹی میں سیاسی جمہوری استعداد کار کی صلاحیتیں بدرجہ اتم موجود ہیں کہ وہ ایوان کے اندر اور باہر کی تمام قوتوں کی خواہشات کے مطابق اتفاق رائے سے فیصلے کرے۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان اور آزاد کشمیر میں نظریاتی رشتوں کا فروغ از بس لازم ہے جسے باوجوہ بہت نقصان پہنچا ہے دوبارہ سے منصوبہ بندی لازم ہو چکی ہے
سپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ اس وقت بھارت پاکستان اور آزاد کشمیر پر حملوں کی دھمکیاں دے رہا ہے، فتنہ الخوارج کے خلاف افواج پاکستان جانوں کے نذرانے پیش کر رہی ہے ایسے حالات میں پاکستانی کشمیری قوم متحد ہو کر فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کی قیادت میں سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے مجتمع ہو چکی ہے
چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پیپلز پارٹی خدمت خلق پر یقین رکھتی ہے، تعلیم صحت روزگار انفراسٹرکچر اور اعتماد سازی ہمارا نصب العین ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی عالمی سطح پر ساکھ انکی مدبرانہ قیادت پاکستان کی خوشحالی ترقی یافتہ ممالک کے صف کھڑا ہونے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کی ضمانت ہے اور آنے والا وقت پاکستان میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وزارت عظمیٰ کی نوید دے رہا ہے جو قومی مشکلات کے خاتمے کی شروعات ہو گیا۔




