وزیراعلیٰ پختونخوا نے 13رکنی کابینہ کااعلان کردیا،دومشیر، ایک معاون خصوصی شامل

پشاور:وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 13 رکنی کابینہ کا اعلان کردیا ہے جس کی سمری گونرخیبر پختونخوا کو موصول ہوگئی اور انہوں نے سمری پردستخط کرتے ہوئے آج دوپہر 3بجے حلف برداری کیلئے بلا لیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے فوکل پرسن یار محمد خان نیازی کے مطابق صوبائی کابینہ میں پشاور سے مینا خان آفریدی، ہری پور سے ارشد ایوب خان اور سوات سے ڈاکٹر امجد کو شامل کیا گیا ہے۔

کوہاٹ سے آفتاب عالم خان، چارسدہ سے فضل شکور خان، نوشہرہ سے خلیق الرحمان، بونیر سے ریاض خان اور بونیر سے ہی سید فخر جہاں بھی خیبر پختونخوا کابینہ کا حصہ ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی کا مشکور ہوں،پرچی سے وزیر اعلیٰ نہیں بنا،سہیل آفریدی

سابق سپیکر قومی اسمبلی اور پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر کے بھائی عاقب اللہ خان اور رکن قومی اسمبلی شہرام ترکئی کے بھائی فیصل خان ترکئی کو بھی کابینہ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ عاقب اللہ خان اور فیصل خان ترکئی نے سابق وزیراعلی علی امین گنڈاپور کی کابینہ سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

اس کے علاوہ صوبائی کابینہ میں سابق مشیر خزانہ مزمل اسلم کو ایک بار پھر شامل کیا گیا ہے۔ بٹگرام سے تاج محمد ترندہ کو بھی مشیر کا عہدہ دیا گیا ہے۔

اسی طرح کوہاٹ سے شفیع جان معاون خصوصی کی حیثیت سے خیبر پختونخوا کی کابینہ میں شامل کیے گئے ہیں۔

اُدھر گورنر ہاؤس کو وزرا کی سمری موصول ہوگئی ہے جس پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے دستخط بھی کردئیے اور وزرا کی حلف برداری آج دوپہر تین بجے گورنر ہاؤس میں ہوگی۔

Scroll to Top