راولپنڈی: خیبرپختونخواکے ضلع کرم میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں 7 خوارج مارے گئے جبکہ کیپٹن سمیت 6 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فورسز نے کرم کے علاقے دوگر میں بھارتی پراکسی فتنہ خوارج کے خلاف خفیہ اطلاع کی بنیاد پر آپریشن کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایاکہ سکیورٹی فورسزکی بروقت اور موثر کارروائی کے نتیجے میں 7 خوارج ہلاک مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں کیپٹن نعمان سلیم سمیت 6 بہادر جوانوں نے جامِ شہادت نوش کیا۔کیپٹن نعمان سلیم کا تعلق میانوالی سے تھا۔
یہ بھی پڑھیں: برنالہ کا بہادر سپوت معاذ بن ضیاء افغانستان حملے میں شہید
آئی ایس پی آر کے مطابق کیپٹن نعمان سلیم ایک بہادر اور نوجوان میڈیکل آفیسر تھے، کیپٹن نعمان محاذ پر میڈیکل خدمات انجام دینے کے ساتھ دلیرانہ اندازمیں لڑے اور جامِ شہادت نوش کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والے جوانوں میں صوابی کے 39 سالہ حوالدار امجد علی، راولپنڈی کے 36 سالہ نائیک وقاص احمد، شکارپور کے 23 سالہ سپاہی اعجاز علی، جہلم کے 23 سال سپاہی محمد ولید، خیرپور کے 32 سالہ سپاہی محمد شہباز شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کا بتایاکہ علاقے میں موجود دیگربھارتی سرپرستی یافتنہ خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے انسدادِ دہشتگردی کی مہم پوری قوت سے جاری رکھے ہوئے ہیں، ملک سے بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں افغانستان سے متصل صوبہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی لہر میں تیزی کے ساتھ ہی سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
آج صبح بھی سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے نواحی علاقے چلتن کے پہاڑی سلسلوں میں کارروائی کرتے ہوئے 10 سے زائد دہشت گردوں کو ہلاک کردیا تھا۔




