مظفرآباد(کشمیر ڈیجیٹل)فوڈ اتھارٹی مظفرآباد کی امبور بازار میں کارروائی، موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے جانچ پڑتال کی گئی۔
آئل، جوسز، پانی، مصالحہ جات اور دیگر مشروبات کے معیار کی موقع پر جانچ پڑتال کی گئی۔ کباب کی تیاری میں استعمال ہونے والا ناقص آئل موقع پر تلف کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ فوڈ سیفٹی آفیسرز سید قدیر حسین شاہ اور ضیاء جاوید نے فوڈ ٹیکنالوجسٹ و ٹیم کے ہمراہ امبور بازار میں جنرل و کریانہ سٹورز، بیکریز، ہوٹلز اور کباب ہاؤسز کا معائنہ کیا۔
اشیائے خوردونوش کے معیار، صفائی ستھرائی اور فوڈ سیفٹی ایس او پیز پر عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا۔ دوران کارروائی آئل، جوسز، مصالحہ جات اور پانی کے نمونے حاصل کر کے موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے موقع پر تجزیہ کیا گیا جس میں ناقص آئل مضر صحت قرار دے کر تلف کر دیا ۔
ہوٹلز، بیکریز اور دیگر فوڈ پوائنٹس پر صفائی کے ناقص انتظامات پر فوڈ بزنس آپریٹرز کو اصلاحی نوٹسز جاری کیے گئے اور صفائی ستھرائی کے نظام سمیت اشیائے خوردونوش کے معیار کو بہتر بنانے کی ہدایات جاری کی گئیں۔
کارروائی کے حوالے سے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر مظفرآباد ابرار احمد میر نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کا بنیادی مقصد عوام کو محفوظ، معیاری اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔
اشیائے خوردونوش کی تیاری، ذخیرہ اندوزی اور فروخت میں کسی قسم کی غفلت یا معیار پر سمجھوتہ ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فوڈ ٹیسٹنگ لیبارٹری کے ذریعے اشیاء کی موقع پر جانچ ایک مؤثر اقدام ہے جس سے فوری اور شفاف کارروائی ممکن ہو رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر نے مزید کہا کہ فوڈ بزنس آپریٹرز حفظان صحت کے اصولوں پر مکمل عملدرآمد یقینی بنائیں، بصورت دیگر فوڈ اتھارٹی ایکٹ کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
شہری کسی بھی مشکوک مضر صحت خوراک کے متعلق فوڈ اتھارٹی کے دئیے گئے نمبر 1280پر اطلاع دیں بروقت اور موثر کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔
مزید یہ بھی پڑھیں:بلاول زرداری اور فضل الرحمٰن ملاقات ختم،آزاد کشمیر میں حکومت سازی پر مشاورت




