چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل فرنچائزز کے ساتھ نئے معاہدے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کردی ، پی ایس ایل فرنچائز کے نئے 10 سالہ معاہدے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوچکی ہیں۔
پی ایس ایل کی چارٹرڈ فرم کے نمائندوں نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی۔
ملاقات میں چیف ایگزیکٹو آفیسر پی ایس ایل سلمان نصیر اور سی او او سمیر سید بھی موجود تھے۔ ویلیوایشن فرم نے محسن نقوی کو پی ایس ایل کی ویلیوایشن رپورٹ پیش کی۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ویلیوایشن رپورٹ کے حوالے سے سوالات کیے ساتھ ہی چارٹرڈ فرم کو تمام فرنچائزز سے ملاقات کی ہدایت بھی کی۔
محسن نقوی نے فرنچائزز کے ساتھ نئے معاہدے جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ویلیوایشن رپورٹ کی بنیاد پر نیا فرنچائز معاہدہ طے ہوگا اور فرنچائزز کی نئی مارکیٹ ویلیو لگائے جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی پی سی بی انتظامیہ پر شدید تنقید، نوٹس پھاڑ دیا
خیال رہے کہ پی ایس ایل کی 6 فرنچائز کے کنٹریکٹ دسمبر میں ختم ہو رہے ہیں اب پی ایس ایل فرنچائزز کی تعداد 8 ہونے جا رہی ہے۔ پی سی بی کے مطابق نئے معاہدے صرف اہل فرنچائزز کے ساتھ ہوں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ملتان سلطان کے مالک علی ترین سے پی سی بی پر تعاون نہ کرنے کا الزام لگایا تھا جس پر پی سی بی نے نوٹس جاری کیا جو علی ترین نے پھاڑ دیا تھا۔




