پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز سے متعلق بیک اپ پلان تیار کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ملتان سلطانز کی رکنیت منسوخی کی صورت میں نئے مالک کو جلد فائنل کیا جائیگا، پی سی بی ایک سے دو سرمایہ کاروں کے ساتھ رابطے میں ہے، ان سرمایہ کاروں نے ملتان سلطانز کو خریدنے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملتان سلطانز کی موجودہ مینجمنٹ سے معاملات طے نہ ہوئے تو فرنچائز فروخت کی جائیگی، پی سی بی ویلیو ایشن عمل کے قریب کوئی اقدام نہیں کرنا چاہتا جس سے لیگ کی ساکھ متاثر ہو۔
یاد رہے کہ پی سی بی اور ملتان سلطانز کی موجودہ مینجمنٹ کے درمیان کئی معاملات میں تعلقات خراب ہوچکے ہیں، پی سی بی نے گزشتہ روز ملتان سلطانز مینجمنٹ کیخلاف کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف وزری پر قانونی نوٹس بھیجا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: ملتان سلطانز کے مالک علی ترین کی پی سی بی انتظامیہ پر شدید تنقید، نوٹس پھاڑ دیا
اس قانونی نوٹس کے ذریعے فرنچائز کی رکنیت منسوخ کرنےکا عندیہ دیا گیا تھا لیکن ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پی سی بی کی جانب سے بھیجا گیا نوٹس گزشتہ روز پھاڑ دیا تھا جس کی ویڈیو بھی انہوں نے بنائی تھی۔
علی ترین کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل سے محبت ہے یہ لیگ پورے پاکستان کی ہے، پی سی بی نے آج تک رابطہ نہیں کیا، تاہم مسائل کے حل کیلئے مل کر بیٹھنے کیلئے تیار ہوں، میرے مسائل جاننے کے لیے کسی نے ایک کال یا ای میل نہیں کی۔
علی ترین نے ویڈیو پیغام میں ذو معنی انداز میں معافی بھی مانگی اورکہا کہ پی ایس ایل مینجمنٹ میں قابل لوگوں کی شمولیت کا مطالبہ کرنے پر مانگی مانگتا ہوں، ڈرافٹ، ٹریننگ کی سہولیات اور افتتاحی تقریب پر تنقید پر بھی معافی مانگتا ہوں۔




