آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ حویلی کہوٹہ، جہلم ویلی ، وادی لیپہ، مظفرآباد اور گرد و نواح کے علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش ہوئی جبکہ پہاڑوں پر تازہ برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہو گیا ۔ سیاحتی مقامات جیسے تولی پیر لسڈنہ اور حاجی پیر میں بھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث وہاں کا موسم دلکش ہو گیا ہے۔
تولی پیر اور لسڈنہ کی سڑکیں برفباری کے باعث بند ہو چکی ہیں اور محکمہ شاہرات کے عملے نے سڑکوں کی بحالی کا کام شروع کر دیا ہے۔ دیگر مقامات کی شاہراہیں ٹریفک کے لیے دستیاب ہیں لیکن شہریوں اور سیاحوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج دن بھر وادی لیپہ کے پہاڑوں پر شدید برفباری کا امکان ہے جس سے سفری مشکلات درپیش ہو سکتی ہیں ساتھ ہی مظفرآباد اور قریبی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ سرد ہوائیں چلتی رہیں گی مزید یہ کہ آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں کا درجہ حرارت 6 سے 12 سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کی توقع ہے اورنمی کا تناسب 73 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ حویلی کہوٹہ میں ہوا کی رفتار 2 کلومیٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رمضان المبارک 2025: پاکستان میں پہلا روزہ 2 مارچ کو ہونے کا امکان
شہریوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ گرم کپڑوں کا استعمال کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سڑکوں پر پھسلن ہو سکتی ہےاس لیے ڈرائیورز محتاط رہیں۔ محکمہ شاہرات کی جانب سے متاثرہ سڑکوں کی بحالی کے لیے کام جاری ہے تاکہ جلد از جلد ٹریفک بحال کیا جا سکے۔