لاہور:پاکستان نے بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش میں مزید ایک ماہ کی توسیع کردی۔
نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے فضائی حدود کی بندش میں توسیع کا نیا نوٹم جاری کردیا گیا جس کے مطابق بھارتی مسافر اور جنگی طیاروں کے لیے پاکستانی فضائی حدود کی بندش اب 23 نومبر 2025ء تک برقرار رہے گی۔
نوٹم کے مطابق بھارتی طیاروں کو پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں:افغان طالبان بھارت کی پراکسی، سیزفائر کی خلاف ورزی پر جواب دینا پڑیگا، وزیر دفاع
واضح رہے کہ پاکستان نے رواں سال 23 اپریل 2025ء سے بھارت کے لیے فضائی حدود بند کر رکھی ہے۔
یاد رہے کہ پہلگام واقعہ کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے اور سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا اعلان کیا جس پر پاکستان نے بھارت کیلئے فضائی حدود بند کردی تھی۔
پہلگام واقعہ کوہی بہانہ بنا کر بھارت نے پاکستان پر حملہ کیاجس کاجواب پاکستان نے بھارت کے 7طیارے گرا کر دیا اور بھارت کے 26دفاعی مقامات کو بھی نشانہ بنایا گیا جس پر بھارت نے فوری جنگ بندی کی درخواست کی۔




